وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان نے اپنی مشکلات کا ذکر اور پارٹی کو درپیش چیلنجز اور سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
شہباز شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری حکمراں جماعت کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی پہلی مرتبہ صدارت کی ۔اجلاس میں 100 سے زائد اراکین موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک پارٹی اراکین نے قائد نواز شریف کے حالیہ بیان کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا شکوہ کیا ۔ اس موقع پر پارٹی صدر شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھیں گے۔
اجلاس میں شریک اراکین کا کہنا تھا کہ ماحول پہلے کی طرح سازگار نہیں رہا، الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، آپ رہنمائی فرمائیں ایسےحالات میں ہم کیا کریں؟
اس موقع پر شہباز شریف نے اراکین کو یقین دلایا کہ ن لیگ کے قائد کے بیان پر ہر فورم پر بات کی جاچکی ہے، اس حوالے سے پارٹی پالیسی وضع کریں گے۔
خبر: جنگ