پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے انتخابی حلقے کے یوسی چیئرمینز سے ملاقات کی جس میں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کی 2 نشستوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔
چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ 59 جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 10 اور پی پی 14 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔
قومی اسمبلی کا حلقہ 59 راولپنڈی کے علاقوں چکری، گورکھ پور، سہال، بندہ اور ادوال پر مشتمل ہے۔
صوبائی اسمبلی کا حلقہ پی پی 10 ساگری، بسالی، ادوال، چکری، سہیال ، سکھوپر جب کہ پی پی 14 اڈیالہ ، ڈھلہ ، گورکھ ، چہان اور بندہ پر مشتمل ہوگا۔
اس موقع پر چوہدری نثار علی خان نے ٹیکسلا واہ کے حلقہ این اے 63 سے بھی الیکشن لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ این اے 63 سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان این اے 52 راولپنڈی سے 2013 کے انتخابات جیت کر ایوان میں پہنچے ہیں جو اب نئی حلقہ بندیوں کے بعد این اے 59 ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان کی پارٹی کے قائد نواز شریف سے ناراضی چل رہی ہے جس کے بعد وہ منظر عام سے غائب ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے نئے صدر شہباز شریف اپنے قریبی دوست سمجھے جانے والے چوہدری نثار سے کئی ملاقاتیں کرچکے ہیں اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کراچکے ہیں۔
خبر: جنگ