اوسلو (خصوصی رپورٹ)
ناروے کی متحرک سماجی شخصیت ملک محمد پرویز نے اپنے والد شہید صوبیدار ملک شیرعالم اعوان کے ایصال ثواب اور اپنی والدہ کی صحت و سلامتی کے لیے اپنے آبائی علاقے بدرمرجان تحصیل کھاریاں میں ایک فری آئی کیمپ لگوایا۔
یہ ان کی طرف تیسرا سالانہ آئی کیمپ تھا جس کے دوران سینکڑوں مریضوں کو عینکیں اور ادویات مفت دی گئیں اور بعض کی آنکھوں کا مفت آپریشن کیا گیا اور مفت لینز فراہم کئے گئے۔
آئی کیمپ کے منتظم میاں محمد صفدر اور نگران ملک پرویز کے فرزند ملک تصدق اعوان تھے۔ اس کے علاوہ آئی کیمپ میں آنے والے مریضوں اور دیگر مہمانوں کی طعام سے پذیرائی کی گئی۔
اس موقع پر پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز جو ستر کی دہائی سے ناروے میں مقیم ہیں، نے دارالحکومت اوسلو سے اپنے پیغام میں بتایاکہ ہم ہزاروں کلومیٹر دور رہتے ہیں لیکن اپنے آبائی وطن کو نہیں بھول سکتے۔ انھوں نے کہاکہ وہ میاں صفدر، ڈاکٹرشفیق لودھی، ڈاکٹر فاروق چوہدری اور ڈاکٹرامجد کے شکرگزار ہیں جنہوں نے اس آئی کیمپ کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ میرے بیٹے ملک تصدق اعوان بھی قابل ستائش ہیں کہ انھوں نے آئی کیمپ کی نگرانی اور مہمانوں کی پذیرائی کے فرائض بخوبی انجام دیے۔
یقیناً اس فری آئی کیمپ کے انعقاد سے باہر رہنے والے دیگر صاحب استطاعت پاکستانیوں کو بھی یہ پیغام ملتا ہے کہ وہ بھی اپنے آبائی علاقوں میں انسانی فلاح کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ خاص طور پر جن کے پاس وسائل ہیں، وہ ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے آبائی علاقے کو سنوارنے میں ضرور حصہ ڈالیں۔