کراچی(جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ نیشنل سیکورٹی کا مسئلہ ہے ۔ملک کا وزیرخارجہ ایک باہر کی کمپنی کا ملازم ہو اور اس کے کنٹریکٹ میں لکھا ہو کہ اس نے ہفتے میں چھ دن کام کرنا ہے اور 16لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی یہ تصور نہیں کرسکتا کہ جمہوریت میں ایک ملک کا وزیر کسی اور ملک کی کمپنی میں کام کررہا ہو وہ کون حاتم طائی ہے جو 16لاکھ روپے مہینہ دے اور آپ کام بھی کوئی نہ کریں ،سوال یہ ہے کہ خواجہ آصف ان کو کیا سروس دے رہے تھے ۔ نیب کو اب اس کی تحقیقات کرنی ہے اب یہ نیب کیس ہے ، نیب اس کمپنی سے پوچھے کہ یہ کیا سروس دے رہا تھا ، اس کے بینک اکاؤنٹ میں دیکھیں کہ کیا ٹرانسیکشن ہوئی ہیں ، ایک بینک اکاؤنٹ سے بیوی کو نیو یارک پیسے جارہے ہیں ، عمران خان نے کہا کہ یہ منی لانڈرنگ کا کلاسک کیس ہے ، یہ وہی کررہا ہے جو نوازشریف نے کیا،انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی خاصیت ہے یہ ہمیشہ ذاتیات کے حوالے سے نیچے گرتے ہیں ۔ میری جو شادی ہے جب تک ہم زندہ ہیں ہم دونوں اکھٹے رہیں
گے ۔۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کو وزیر ہونے کے باوجود اقامے کی ضرورت ہے ، احسن اقبال کو بھی احتساب کے دائرے میں لانا چاہیے اور تمام اقامہ ہولڈرز کی تحقیقات کرنی چاہیے کیونکہ اس کے پیچھے دس ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہے ، پاکستان میں سالانہ دس ارب ڈالر اس ملک سے باہر جاتا ہے جبکہ ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے۔ عمران خان نے الیکشن میں ٹکٹ دینے کے حوالے سے کہا کہ ہم نے کنڈیشن رکھی ہے کہ تمام امید وار اپنے سارے اثاثے واضح کریں گے ، انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی کے پاس دبئی کا اقامہ ہے ، ان کا وہاں پراپرٹی کا کاروبار ہے اور بہت پرانا ہے انہوں نے ہمارے سامنے واضح کیا ہوا ہے ، یہ کوئی جرم نہیں ہے بشرطیکہ اثاثے واضح ہونے چاہیئں خواجہ آصف نے اپنے اثاثے چھپا رکھے تھے۔چوہدری نثار کے حوالے سے سوال پر عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار کو اہم فیصلہ کرنا ہے کہ کیا انہوں نے اپنی ذات کے لیے سیاست کرنی ہے یا اپنے ملک کے لیے ، انہوں34سال ایک پارٹی میں لگائے ہیں اور ان کو اب واضح ہوجانا چاہیے کہ وہ صرف فیملی پارٹی ہے وہ پاکستان کے لیے نہیں ہے ۔عمران خان نے کہا جہاں تک میں چوہدری نثار کو جانتا ہوں انہوں نے مریم شریف کی سربراہی میں اپنی پارٹی میں واپس نہیں جانا لہٰذا ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے تحریک انصاف ۔اور میں نے پیغام پہنچا دیا ہے لیکن جواب نہیں آیا ، ان کی اپنی مرضی ہے ۔ آج 1970کے بعد پہلی دفعہ پی ٹی آئی کے ساتھ عوام کھڑی ہوگئی ہے ۔ اگر نوازشریف کے پاس عوام ہے تو مینا ر پاکستان کو بھر کے دکھائے میں چیلنج کرتا ہوں میں 29اپریل کو جلسہ کروں گا نوازشریف اس کے اگلے ہفتے کرے اس کاپانچ فیصد بھی نہیں بھر سکتا کیونکہ عوام ان کے ساتھ نہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ۔ عمران خان نے اپنے کتے موٹو کے حوالے سے کہا کہ وہ میرے گھر میں ہے ، مجھے سمجھ نہیں آتی اس حوالے سے عجیب سی غیر معلوماتی مہم چل گئی ہے ۔ن لیگ کا سیل سوشل میڈیا پر غلط خبریں چلا رہا ہے ، شیرو موٹو کا باپ تھا وہ تین چار سال پہلے مرگیا ہے اور اب موٹو کے ساتھ چار مزید کتے ہیں میرے گارڈ ڈاگز ہیں ، ایک کا نام بھالوہے ، ٹائیگر ، شیب اور ایک ہے شیرنی ۔ انہوں نے کہا شریف خاندان کی خاصیت ہے یہ ہمیشہ ذاتیات کے حوالے سے نیچے گرتے ہیں ۔ میری جو شادی ہے جب تک ہم زندہ ہیں ہم دونوں اکھٹے رہیں گے ۔