(اوسلو پ۔ر)
پاکستان یونین ناروے کے انتظامی امور کے سربراہ چوہدری منشاء خان جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، نے گجرت میں چوہدری عظمت فاروق ایڈوکیٹ کے دفتر جاکر ان کی تقرری کی اسناد ان کے سپرد کیں۔
چوہدری منشاء خان پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے دیگراہم شخصیات اور مختلف محکمات کے عہدیداروں سے بھی ملیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اوورسیزپاکستانیوں کی پاکستان میں قانونی مدد کے لیے ممتازماہر قانون عظمت فاروق ایڈوکیٹ کو یونین کا قانونی مشیر مقرر کیاہے۔
یادرہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں بعض محکموں کے عہدیداروں کے منفی رویئے کا سامنا ہے اور اس کے علاوہ ان کے دیگرمسائل میں نادرا کارڈ کی بہت زیادہ فیس، پولیس کی زیادتیوں، پراپرٹی کے مسائل، پارلیمنٹ میں عدم نمائندگی اور ووٹ کے حق سے محرومی وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستان یونین ناروے کے اس اقدام کی بدولت ناروے سمیت دنیاکے مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی اب پاکستان میں اپنے مسائل کے حل کے لیے قانونی ماہرین کے ذریعے پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کریں گے۔
چوہدری محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ دیگر وکلاء کی مدد سے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اعلیٰ عدالتوں اور دیگر مناسب فورمز پر موثر طریقے سے اٹھائیں گے۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین کی طرف جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق، چوہدری محمد عظمت فاروق ایڈوکیٹ اوورسیزپاکستانیوں کے تمام انفرادی اور اجتماعی مسائل میں ان کو قانونی امداد فراہم کریں گے۔
عظمت فاروق ایڈوکیٹ نہ صرف قانونی ماہر ہیں بلکہ وہ سول، ریونیو کے معاملات اور مسلم پرسنل لا پر گہری تحقیق اور تجربہ کے حامل ہیں۔ عظمت فاروق ایڈوکیٹ اوورسیز پاکستانیوں کو نہ صرف قانونی مدد فراہم کریں گے بلکہ وہ تمام ملکوں میں مقیم اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو دیگر متعلقہ فورمز پر بھی اٹھائیں گے۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یونین کی یہ دیرینہ خواہش تھی اور یونین کافی عرصے سے ایک مخلص اور ایماندار ماہرقانون کی تلاش میں تھی۔ بلاخر یونین ایک تجربہ کار ماہر قانون کی مشاورت حاصل کرنے میں کامیابی ہوگئی ہے۔ چوہدری قمراقبال نے امید ظاہرکی کہ اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان یونین ناروے ایک غیرسرکاری تنظیم ہے جو ستر کی دہائی سے نارویجن پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری رضاکارانہ کوششوں کے تسلسل کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔