اوسلو (پ۔ر)
انجمن حسینی ناروے کے مذہبی امور کے ڈائریکٹر حجتہ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ نے کہاہے کہ
مسلمانوں کی اصلاح کے لیے تعلیمات محمد و آل محمد (ص) پر عمل ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز انجمن حسینی اوسلو ناروے میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ مجلس انجمن حسینی کی طرف سے اٹھائیس رجب قافلہ امام حسین علیہ السلام کی مدینہ سے مکہ روانگی کی مناسب سے برپا کی گئی جس میں متعدد لوگوں نے شرکت کی۔ مجلس کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجمن کے سیکرٹری ضیغم عباس نے انجام دیئے۔
ڈاکٹرزوارحسین شاہ نے کہاکہ جب امام حسین (ع) مدینہ سے مکہ تشریف لے گئے اور پھر کربلا کی طرف سے روانہ ہوئے تو اس دوران ان کے ساتھیوں کی تعداد اس لیے کم ہوتی گئی کیونکہ بہت سے لوگ معرفت اہل بیت سے آشنا نہیں تھے۔
بے شمار لوگ ظاہری طور پر اہل بیت سے قربت کے دعویدار تھے اور ان سے محبت کا اظہار کرتے تھے لیکن حقیقت میں اہل بیت کے مقام و منزلت کو پہچان نہ سکے۔ امام (ع) نے یزید کی بیعت سے انکار کیا اور اپنے نانا کے دین کی اصلاح کے لیے نکل گئے۔ پہلے مدینہ چھوڑا تاکہ امن کا یہ شہر بے سکون نہ ہوجائے اور پھر مکہ چھوڑا تاکہ خدا کے گھر کی حرمت محفوظ رہ سکے۔
ڈاکٹرزوار شاہ نے کہا کہ اہل بیت کی معرفت نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے لوگ یزیدی حکومت کے خوف اور دولت کی لالچ میں آگئے اور نواسہ رسول (ص) کا ساتھ نہ دیا۔ وہ امام حسین (ع) کے اس جملے کو نہ سمجھ سکے، ’’مجھ جیسا یزید جیسے کی بیعت نہیں کرسکتا۔‘‘ امام عالی مقام کا یہ جملہ قیامت تک پوری انسانیت کے لیے ہے۔ یعنی حسین کا پیروکار جو بھی ہوگا وہ یزید جیسے کی حمایت نہیں کرے گا۔ امام کے گنے چنے ساتھی وہ تھے جن کو اس عظیم قربانی کے لیے منتخب کرلیا گیا تھا اور وہ ہرقسم کی لالچ اور خوف سے بے خطر اور مبرا ہوچکے تھے۔