اوسلو (بیورو رپورٹ)
ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور اس بات کی ضمانت پاکستان کے آئین میں دی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں اوسلو میں گذشتہ شام اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹٰی ناروے کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران متعدد تنظیموں کے نمائندے اور بڑی تعداد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ شریک تھے۔
تقریب کا موضوع ’’قراردادپاکستان، قرارداد مقاصد اور پاکستان کا موجود نظام عدل و انصاف‘‘ تھا۔ موضوع کی مناسبت سے مقررین نے پاکستان کی تاریخ اور موجود حالات پر روشنی ڈالی۔
سفیر پاکستان نے اس تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو بھرپور الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کے قوانین میں کسی بھی فرد اور کمیونٹی کے بارے میں کوئی تعصب نہیں بلکہ ہر طبقے کے حقوق کا خیال رکھا گیاہے۔
محترمہ رفعت مسعود نے کہاکہ ہمارے آباد واجداد نے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان حاصل کیا اور اس جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دی گئیں۔
انھوں نے کہاکہ نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ سے آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ پاکستان کی جدوجہد کے بارے میں جان سکیں۔
سفیر پاکستان نے مزید کہاکہ اوسلو میں اس سال بھی چودہ اگست پچھلے سال کی طرح مل کر منایاجائے گا اور انہیں امید ہے کہ تمام نارویجن پاکستانی تنظیمیں بھرپور تعاون کریں گی۔ انھوں نےاس بات پر بھی زور دیا کہ نارویجن پاکستانی اپنے مقامی مسائل کی طرف بھی توجہ دیں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں۔
اس دوران ویژن فورم کے ارشد بٹ، ادارہ منھاج القرآن کے علامہ اقبال فانی، غوثیہ مسلم سوسائٹی کے مفتی زبیرتبسم اور نوجوان مقرر حسنین اسماعیل سرور نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض راشد اعوان نے انجام دیئے۔
اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے کے صدر مرزا ذوالفقار نے مہمانوں سے اظہارتشکر کیا۔ اس تقریب پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز مہر نے کہاکہ اس طرح تقریبات پاکستان کے حوالے سے تجدید عہد کا سبب بنتی ہیں اور ہمیں خصوصا ہماری نوجوان نسل کو پاکستان کی جدوجہد کی یاد دلاتی ہیں۔
اس موقع پر ایک نوجوان نارویجن خاتون اندریا ہوف ھاگا کو ان کی شامی پناہگیزیوں کے لیے خدمات پر خصوصی ایوارڈ دیا گیا۔
اس کے علاوہ سوسائٹی سے وابستہ شخصیات مرزا نوربیگ، چوہدری مظہرحسین، عقیل قادر اور اسماعیل سرور کی حوصلہ افزائی کے انہیں شیلڈز دی گئیں اور ایوارڈکمیٹی کے چیئرمین علی اصغرشاہد اورممبر یوسف خان کو پھول پیش گئے۔ راجہ غالب حسین کو میڈل دیا گیا۔ تقریب میں نعت خوانی کا شرف حاجی احمد اعوان نے حاصل کیا اور بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔ اس دوران کھاریاں سوسائٹی کے نذیرخالد بٹ، نثاربھگت، مرزا ثقلین، مرزا تیمور، چوہدری منیرتارڑ، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی کے اقبال اختر خان بھی موجود تھے۔