چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا فوجی زون ہے جہاں قابض بھارتی فوجیوں کی ایک بہت بڑی نفری تعینات ہے۔
وہ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کررہے تھے جہاں پہنچنے پر کلب کے جنرل سیکرٹری مقصود احمد یوسفی اور کلب کے دیگر عہدیداروں نے ان بھرپور خیرمقدم کیا۔
علی رضا سید نے اپنے خطاب میں حالیہ دنوں انسانی حقوق کے نامور وکیل پرویز امروز کی تنظیم جموں و کشمیر اتحاد برائے سول سوسائٹی کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی گھمبیر صورتحال میں بچوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا خاص طور پر تذکرہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بے انتہا خوف کے سائے میں زندگی بسر کررہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ جموں و کشمیرمیں خاص طور پر بچے ایک فوجی ماحول میں زندگی بسر کررہے ہیں جہاں سات لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں جن کی وجہ سے بچوں کے حقوق کی سنگین پامالیوں بشمول بچوں کے حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے کنونشن کی خلاف ورزیوں کا ہروقت خدشہ رہتاہے۔
انھوں نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران تین سو اٹھارہ بچے جن کی عمرین ایک سے سترہ سال کے درمیان تھیں، مارگئے لیکن ان کے قاتلوں کو ابھی تک سزا نہیں ملی۔
واضح رہے کہ ’’تشدد کے بچوں پر اثرات‘‘ کے عنوان سے جموں و کشمیر اتحاد برائے سول سوسائٹی کی یہ تازہ رپورٹ تیس مارچ کو جاری ہوئی ہے۔ یہ بچوں کے خلاف بھارتی ظلم و ستم کے بارے میں جو گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں برپا کیا گیا۔ اس تشدد میں قتل عام، گرفتاریاں، سنگین جسمانی اذیت اور جنسی استحصال وغیرہ شامل ہے۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ پندرہ سالوں کے دوران سولہ ہزار سے زائد افراد مارگئے جن میں ساڑھے چارہزار سے زائد سویلین ہیں۔ اس رپورٹ کے حساب سے ہرسال ایک ہزار سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں۔ اس عرصے میں خاص طور پر بچے ریاستی دہشت گردی براہ راست نشانہ بنے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ بچوں اور نوجوانوں سمیت سویلین کو نشانہ بنانے کا مقصد پرامن تحریک آزادی کشمیر کو فوجی طاقت کے ذریعے کچلنا ہے۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ یہ صورتحال گذشتہ سترسالوں سے جاری ہے اور تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے۔
چئیرمین کشمیرکونسل ای یو نے میٹ دی پریس پروگرام کے شرکا کو کونسل کی یورپ میں جاری جدوجہد سے آگاہ کیا جو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔
انھوں نے بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو سیمیناروں، کانفرنسوں، ملاقاتوں، پریس کانفرنسوں، مظاہروں، دستظی مہم اور نمائشوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے کوشاں ہے اور دنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو آشکار کررہی ہے۔