نارویجن پاکستانی بزنسمین راجہ ناصر حسین کو دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر سفارت پاکستان کا زبردست خراج تحسین

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو (بیورو رپورٹ)

ناروے میں سفیرپاکستان محترمہ رفعت مسعود نے پاکستان اور ناروے کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے انتھک جدوجہد کرنے پر پاکستان کے سبکدوش ہونے والے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری اور ممتازنارویجن پاکستانی کاروباری شخصیت راجہ ناصرحسین  کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور انہیں ایک خصوصی تعریفی سند دی ہے۔

یہ تعریفی سند انہیں سفارتخانہ پاکستان میں حالیہ دنوں ایک پروقار تقریب کے دوران دی گئی جس میں متعدد نارویجن پاکستانی شخصیات موجود ہیں۔ سفیرپاکستان نے راجہ ناصر حسین کی پاکستان کے لیے تیس سالہ جدوجہد بشمول سات سال بحیثیت اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری خدمات کو سراہا اور کہاکہ ہم پاکستان کے  لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ باہر رہنے والے دیگر پاکستانی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

ناروے میں متعدد تجارتی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹر راجہ ناصر حسین گذشتہ تیس سال سے ناروے میں کاروباری شعبے سے منسلک ہیں اور حال ہی میں وہ اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری کے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔

وہ کاروباری مہارت کے ساتھ ساتھ بیک چینل سفارتکاری کے بھی ماہر ہیں اور اسی وجہ سے انھوں نے پاکستان اور ناروے کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

راجہ ناصر نے گذشتہ تین عشروں کے دوران پاکستان میں نارویجن سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جدوجہد کی اور خاص طور پر ٹیلی کمیونیکیشن اور دیگر شعبوں کی یرملکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اب بھی ان کی یہ کوششیں جاری ہیں۔ وہ کئی نارویجن فرموں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہیں۔ بطوراعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری، وہ اپنے سات سالوں کے دوران اربوں ڈالرز کے منصوبے پاکستان لے کر گئے۔ راجہ ناصر کی کاوشوں سے بیرونی سرمایہ کاری کے جو منصوبے ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ان پر بہت جلد عمل درآمد شروع ہونے کی امید ہے، ان میں شپنگ، فشنگ، ائرلائن، ہائیڈرو اور سولر پاور اور بنکنگ و فنانس شامل ہیں۔

اس موقع پر راجہ ناصرحسین  نے سفارت پاکستان سے اظہارتشکر کیا اور کہاکہ انہیں سفیرپاکستان محترمہ رفعت مسعود کے ساتھ کام کرکے لطف آیا ہے۔ جس شفاف طریقے سے اور دیانتداری اور خلوص کے ساتھ انھوں نے ملک و قوم کے لیے کام کیا ہے، وہ بے مثال ہے۔

انھوں کہاکہ آج کے دور میں اکانومی نیشنل سیکورٹی کا اہم جزء ہے اور قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے اکانومی کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔ اس وقت پاکستان کی اکانومی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے بیرونی سرمایہ کاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ راجہ ناصر نے کہاکہ بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے کئی ملکوں کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں جنھوں نے بہترین منصوبندی کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاری حاصل کی اور اسے شفاف طریقے سے ملک کی ترقی کے لیے استعمال کیا۔ 




Recommended For You

Leave a Comment