وارسا (خصوصی رپورٹ)
پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں یوم ولادت امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی مناسبت سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی، ہندوستانی، بنگلادیشی اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جس کی سعادت ننھے قاری سید رضا عباس نے حاصل کی۔ پروگرام کے دوران مقررین نے امام علی (ع) کے اوصاف اور افکار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آپ کی صفات بے مثل ہیں اور ان صفات و کمالات میں کوئی آپ کا ثانی نہیں۔ نبی اکرم (ص) نے آپ کو سب سے زیادہ عالم و سب سے بہترین فیصلہ کرنے والا قاضی قرار دیا۔ پیغمبر(ص) نے فرمایا، میں علم کا شہر اور علی اس کا درواہ ہے۔ عدل و انصاف پر مبنی آپؑ کے فیصلے آج بھی عدالتوں کے لیے رہنماء اصول ہیں اور آپ کے دور خلافت میں سرکاری عہدیداروں کو آپ کی طرف سے لکھے گئے خطوط آج بھی حکام اور سفارتکاروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریسرچ سکالر سید سبطین شاہ نے کہاکہ آپ کے کمالات علم و دانش سے آج تک نہ صرف عالم اسلام مستفید ہورہا ہے بلکہ آپؑ کے افکار اور شخصیت سے غیرمسلم مفکرین بھی متاثر ہوئے ہیں۔
آپؑ پیکر رشد و ہدایت ہیں اور آپؑ کا کردار اور گفتار بے نظیر ہے اور قیامت تک انسانیت آپ کے علم و حکمت سے فیض یاب ہوتی رہے گی۔
انھوں نے کہاکہ پیغمبراسلام (ص) کے بعد کوئی بھی آپؑ کے علم و دانش، شجاعت، ہمت، حوصلے، صبر، عدل و انصاف، ایمان اور دیگر کمالات کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ آپ کی اعلیٰ و ارفع صفات بشمول کمالِ زہد و تقویٰ، پاکیزگی و طہارت، کمال سخن و بیان، عدل و انصاف، خود احتسابی، حرارتِ ایمانی، بلندیٴ روحِ انسانی، بلند ہمتی اور نرم خوئی بے نظیرہیں۔
آپؑ سرور انبیاء حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی پرورش میں رہے۔ سب سے پہلے نبی مکرم سید مرسلین (ص) کی تائید کی اور دین اسلام کو تسلیم کیا۔ ہمیشہ دین اسلام اور پیغمبراسلام کی پاسداری کی۔ آپ مولود کعبہ اور شہید محراب مسجد ہیں اور یہ سعادت کسی اور کو میسر نہیں۔
آپ کے بارے میں مغربی مفکرین نے لکھا ہے کہ آپ کو شدت عدل و انصاف کی وجہ سے شہید کیا گیا۔ غیر مسلم محققین اور دانشور امام المتقین علیہ السلام کے اوصاف کو دیکھ کر حیرت زدہ ہیں کیونکہ انہوں نے افکارِ علی کو دنیا میں بے مثال اور لاثانی پایا ہے۔
اس موقع پر سید مہدی رضوی، محمد عباس حلوانی، علی صفدر، سید اسد عباس، سید رضا عباس و دیگر نے امام علی (ع) کی شان میں منقبت اور قصیدہ خوانی کی۔ پروگرم میں چیف ایڈیٹر گجرات امجد فاروق نے خصوصی شرکت کی۔
اختتام پر پروگرام کے منتظمین سید منور شاہ اور سید فرخ عباس شاہ نے شرکاء سے اظہار تشکر کیا۔