(اوسلو بیورو رپورٹ)
ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت کامیابی سے اپنی منازل طے کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ شام دارالحکومت اوسلو میں یوم پاکستان کی مناسبت سے غیرملکی سفارتکاروں اور نارویجن حکام اور کمیونٹی کے اہم شخصیات کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوری ادارے مضبوط ہوئے ہیں اور جمہوری حلقوں کو حوصلہ افزائی و تقویت ملی ہے ۔
انھوں نے بتایاکہ دس سال قبل جمہوریت کی بحالی سے ابتک ایک بار ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل ہوچکا ہے اور انشااللہ، اس سال موسم گرما میں نئے انتخابات کے بعد ایک دوسری جمہوری حکومت کو اقتدار منتقل ہوجائے گا۔ یہ جمہوریت کا فتح اور پاکستان کی کامیابی ہے۔ پاکستان اپنی آزادی کے بعد گذشتہ ستر سالوں کے دوران مختلف جمہوری اور آمریت کے ادوار سے گزرا ہے لیکن گذشتہ دس سالوں کے دوران جمہوری نظام ایک بار پھر اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ اب جمہوریت ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔
انھوں نے دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ عرصے کے دوران پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کا سامنا رہاہے اور اب بھی پاکستان اس کے خلاف جدوجہد کررہاہے۔ دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں سے پاکستان میں تجارت بڑھنا شروع ہوگئی ہے اور دیگر ممالک سے سرمایہ پاکستان آرہا ہے۔ ان ممالک میں ناروے بھی شامل ہے۔ ناروے اور پاکستان کے تجارتی تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہے۔ گذشتہ سالوں کے دوران ان میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے خطے کی ترقی کے ون بیلٹ ون روڈ کو اہم قرار دیا اور کہاکہ ناروے سمیت دیگر ممالک سی پیک کا حصہ بھی بننا چاہتے ہیں۔ ناروے کی ٹیلی نور پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے اور امید ہے کہ مزید کمپنیاں بھی پاکستان جائیں گی۔
اس سے قبل سفارت خانہ پاکستان میں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ سفیر پاکستان رفعت مسعود نے پاکستانی پرچم بلند کیا۔ اس دوران قومی ترانہ بھی بجایاگیا۔ سفارتخانہ کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن مس زیب طیب عباسی نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔
اس موقع پر دو متحرک شخصیات ناروے میں پاکستان کے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری راجہ ناصر حسین اور ثقافتی تنظیم دوستی کے صدر سید طارق شاہ کو ان کی پاکستان کے لیے شاندار خدمات پر تعریفی اسناد پیش کیں۔۔اس دوران سفیر پاکستان نے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی ان اہم شخصیات کو بھی شیلڈز پیش کیں جن کی تنظیموں نے گذشتہ سال چودہ اگست یوم پاکستان کے موقع پر ایک مشترکہ پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں بھرپور تعاون کیا۔ ان تنظیموں میں چوہدری قمراقبال کی سربراہی میں قائم پاکستان یونین ناروے، پاک۔ناروے فورم، اوورسیز ویلفیئر سوسائٹی اور چودہ اگست کمیٹی قابل ذکر ہیں۔ جن شخصیات نے شیلڈز اور تعریفی اسناد وصول کیں ان میں پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک پرویز مہر، پاک۔ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور اوورسیز ویلفیئر سوسائٹی کے چوہدری ساجد مہدی، چیئرمین سماجی تنظیم سکون شاہد جمیل، چودہ اگست کمیٹی کے صوفی محمد انور کبابش ریسٹورنٹ کے مالک راجہ عاشق حسین، نارویجن پاکستانی سیاستدان چوہدری غضنفر ڈینی، ہیلتھ و سوشل نیٹ ورک کے چوہدری طیب منیر، سماجی شخصیت سلطان حمزہ اعوان، سیکورٹی امور کے انچارج محمد الیاس، ٹرانسپورٹ کے امورکے منتظم انصرصغیر و دیگر شامل تھے۔