اوسلو:
انجمن حسینی ناروے کے زیراہتمام گذشتہ شام مجلس عزا بسلسلہ شہادت جگرگوشہ رسول حضرت فاطمہ زہرا (س) منعقد ہوئی۔
انجمن حسینی ناروے میں مکتب اہل بیت کا سب سے پہلا دینی مرکز ہے جو نارویجن پاکستانی شیعہ مسلمانوں نے سترکی دہائی کے اواسط میں قائم کیا۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن حسینی ناروے کے ڈائریکٹر دینی امور حجتہ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ نے دخترگرامی پیامبراسلام کے فضائل اور مصائب بیان کئے۔ انھوں نے حضرت زہرا (س) کی شہادت پر پیامبرگرامی اور تمام عالم اسلام کو تعزیت پیش کی۔ نظامت کے فرائض انجمن حسینی کے جنرل سیکرٹری ضیغم عباس نے انجام دیئے۔
مجلس کے دوران اشعار کی صورت میں بھی ذکراہل بیت بیان کیا گیا اور نوحہ خوانی کی گئی۔ ذاکرین اور نوحہ خوانوں میں سید مزور بخاری، سید احسن رضوی، سید افتخار حسین شاہ، اعظم رضوی، ضیغم عباس، کیپٹن سرفراز اکبر، نعیم اکبر، محمد حسین، عقیل عباس، مجاہد حسین اور مہدی حسن علی شامل تھے۔
سوگواروں و ماتم داروں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ بی بی دو عالم حضرت فاطمہ زہرا (س) کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
عزاداروں اور اہل بیت کے عقیدت مندوں نےاپنی آشکبارآنکھوں کے ساتھ شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا (س) کی شہادت کی مناسبت سے پرسہ دیا۔ مجلس کے بعد ماتم کیا گیا اور شرکا مجلس میں لنگر تقسیم کیا گیا۔