سینیٹ انتخابات میں 4جماعتوں کا متفقہ امیدوار ہوں، مولانا سمیع الحق

Sami ul Haq

جمعیت علما اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں 4جماعتوں کی حمایت حاصل ہے اور ان ہی کا متفقہ امیدوار ہوں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں سمیع الحق نے کہا کہ تحریک انصاف میں شامل نہیں ہوئے ،ان کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہے۔

انہوں نے ایم ایم اے میں واپسی کو گناہ قراردیا اور کہا کہ مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں جانے کے بجائے میں گھر میں بیٹھنا بہتر سمجھتا ہوں ۔

انتخابی وسائل اور اخراجات پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ میرے سینیٹر شپ کے لئے صرف خیبربازار سے تصویریں کھنچوانے کے 36روپے خرچ ہوئے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں4مرتبہ یعنی 18 سال تک سینیٹر رہا ہوں،بغیر کوئی خرچ ، وسائل اور ذرائع کے خدمت انجام دی۔

جے یو آئی س کے سربراہ نے مزید کہا کہ مجھے ہر بار جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر لوگوں نے ووٹ دیے ہیں،اب بھی تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطے ہیں۔




ان کا کہناتھاکہ فی الحال سینیٹ میں جنرل اور ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں،میرے تجویز اور تائید کندگان 4 مختلف جماعتوں سے ہیں۔

سمیع الحق نے کہا کہ مجھے ن لیگ ، پی ٹی آئی ، جے یو آئی ف اور قومی وطن پارٹی کی حمایت حاصل ہے ،جنرل یا ٹیکنو کریٹ میں سے کسی ایک سیٹ پر کاغذات نامزدگی واپس لوںگا۔

متحدہ مجلس عمل کے حوالےسے ان کا کہناتھاکہ ایم ایم اے میں جانا میں گناہ سمجھتا ہوں،اسلام کے نام پر ہم قوم کو دوبارہ دھوکا نہیں دے سکتے ۔

خبر: جنگ

Recommended For You

Leave a Comment