اوسلو (بیورو رپورٹ)
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں گذشتہ روز سفیرپاکستان رفعت مسعود کے اعزاز میں پاک ناروے فورم اور ہیومن سروسز ناروے کے عہدیداروں سمیت نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے استقبالیہ دیاگیا۔
استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے نے پاکستان کے لیے نارویجن پاکستانیوں کی سماجی و رفاعی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ فاروق احمد نے حاصل کی۔
سفیرپاکستان رفعت مسعود نے کہاکہ وہ نارویجن پاکستانی کے جذبات کو سراہتی ہیں جو ناروے میں رہتے ہوئے بھی پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں اور پاکستان میں اپنے عزیز واقارب کی مدد کے علاوہ دیگر مختلف رفاعی کاموں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔
سفیر پاکستان نے نارویجن پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ناروے میں رہتے ہیں لیکن آپ کو اپنے علاقہ اور گاوں کا خیال ہے۔ آپ پاکستان میں نادار اور مستحق لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ یہ کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انھوں نے اوسلو میں گذشتہ سال چودہ اگست یوم پاکستان کی مشترکہ تقریب کے حوالے سے کہاکہ یہ ایک مشکل کام تھا لیکن نارویجن پاکستانیوں کی مدد سے ایسا ممکن ہوا اور آئندہ بھی ایسا ہوگا۔
اس موقع پر اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر مبشر بنارس نے ناروے میں پاکستانی کمیوٹی کے مابین اتفاق و اتحاد کے حوالے سے سفیرپاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور خاص طوپر حالیہ چودہ اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر ایک مشترکہ تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ انھوں نے امیدظاہر کی اس کام میں اس سال مزید بہتری آئے گی۔
انھوں نے پاک۔ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور اور ھیومن سروسز ناروے کے چیئرمین چوہدری خالد کسانہ کی تعریف کی جو نارویجن پاکستانی کمیونٹی میں فعال کردار ادا کررہے ہیں۔