(تحریر، محمد طارق )
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے انتخابات میں حصہ لینے اور ووٹ کا حق ملنے کو پاکستانی اور عالمی میڈیا عدالتی کاروائی کو اپنی لیڈ سٹوری میں نشر کر رہا ہے- پچھلے ہفتے سے سپریم کورٹ پاکستان میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حق میں کیس کی سماعت شروع ہو چکی ہے – مختلف ممالک میں مقیم 16 پاکستانیوں نےاورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کے حق میں عدالت میں کچھ عرصہ پہلے پٹیشین دائر کی تھی – ان 16 پاکستانیوں میں سے ایک کا تعلق ناروے سے ہے – ناروے سے پاکستان تحریک انصاف ناروے کے سابق صدر اور اب تحریک انصاف ناروے کے ایکٹیو کارکن شاید جمیل اس پٹیشین کے مدعی ہیں- شاہد جمیل تحریک انصاف ناروے اور تحریک انصاف یورپ کے علاوہ ، یورپ کے سیاسی و سماجی حلقوں کی جانی پہچانی شخصیت ہیں- ناروے میں تحریک انصاف کو عام پبلک میں متعارف کرانے والی وہ پہلی شخصیت ہیں، ناروے کی پہلی منتخب باڈی کے وہ پہلے منتخب صدر رہے – آج کل وہ تحریک انصاف ناروے نظریاتی پینل 8 ممبران پر مشتمل ورکنگ کمیٹی کے متحرک رکن ہیں- سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی وجہ سے ، ساتھ ہی اورسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانےکے لیے شاہد جمیل صاحب نے بذریعہ وکیل داود غزنوی پاکستان کی اعلی عدالت میں مقدمہ دائر کیا – دوران عدالتی کاروائی چیف جسٹس آف پاکستان کے مثبت اشارے اس بات کی غمازی کر رہے ہیں کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق جلد مل جائے گا – اگر ووٹ کا حق مل گیا تو ناروے کی اورسیز پاکستانی کمیونٹی کی تاریخ میں شاہدجمیل صاحب کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا کہ حقیقی، جمہوری سیاسی کارکن سیاست صرف انسانوں کے حقوق کے لیے کرتا ہے –