(اوسلو بیورو رپورٹ)
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے دس سال ” پاکستان اور سیاست پر اثرات” کے عنوان سے سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ سیمینار کا انعقاد ویثرن فورم ناروے، پاکستان فیملی نیٹ ورک اور پاکستان پیپلزپارٹی ناروے کے تعاون سے کیا گیا۔
مقررین نے بےنظیر بھٹو شہید کو آمریت کے خلاف جمہوری جدوجہد پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سیمینار میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے والوں میں سابق اراکین نارویجین پارلیمنٹ شہباز طارق اور اطہر علی ، ادبی تنظیم دریچہ کے صدر ڈاکٹر ندیم ، شاعر پرویز اقبال فیملی نیٹ ورک کے چیرمین نثار بھگت ، ویثرن فورم کی راہنما شگفتہ غضنفر ، چوہدری فیض ، پی پی پی کے سینئر راہنما مرزا ذوالفقار اور الیاس کھوکھر شامل ہیں۔
پی پی پی کے سینئر راہنما علی اصغر شاھد نے اپنے مضمون میں کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں پاکستان میں جمہوری طاقتوں کو دباو میں رکھ کر کمزور کیا گیا اور ملک میں قیادت کا خلا پیدا کیا گیا۔ اس موقع پر پی پی پی کی راہنما اور سابق ایم پی اے محترمہ ناصر ہ کھوکھر کی وفات پر تعزیتی ریفرنس بھی پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی امریکہ سے تشریف لائے نعیم کھوکھر اور خالد کھوکھر تھے۔
پی پی پی راہنما مرزا ذوالفقار نے خصوصی دعا کی۔ حاضرین نےجاوید اسلم کھوکھر اور فیملی سے اظہار تعزیت کیا۔ نظامت کے فرائض ویثرن فورم کے چیرمین ارشد بٹ نے ادا کئے۔ اوسلو کے سماجی اور سیاسی حلقوں کی بھرپور شرکت۔