اوسلو (پ۔ر)۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال کے اعزاز میں گذشتہ روز ممتاز سماجی شخصیت چوہدری غلام سرور پنڈی سلطان پور اور کاروباری شخصیت چوہدری صابرحسین گھنسیہ نے اوسلو کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پرتکلف عشائیہ دیا۔
تقریب میں متعدد نارویجن پاکستانی شخصیات موجود تھیں، جن میں پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز مہر، سید ذکی الحسن شاہ کلیوال سیداں، پاکستان یونین ناروے کے سیکرٹری پبلیسٹی چوہدری منشاخان نوناوالی، سماجی شخصیت زاہد بٹ جلال پورجٹاں، پی ٹی آئی کے رہنما سید زاہد حسین شاہ آف جھانٹلہ، کاروباری شخصیت چوہدری مدثر علی سرائے عالمگیر، جنرل سیکرٹری ہیومن سروسز ناروے چوہدری شاہد منیر گڑھا جٹاں، نارویجن اخبار آفتن پوستن کے صحافی حافظ وسیم ریاض گوندل اور پاک۔وے میڈیا کے چیف ایگزیکٹو عمران مختار چوہدری قابل ذکر ہیں۔
اس موقع پر چوہدری قمراقبال کو ہائی شیرف گریٹر مانچسٹر کی طرف سے بین الاقوامی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی گئی اور انہیں پھول پیش کئے گئے۔
چوہدری غلام سرور اور چوہدری صابرحسین گھنسیہ نے اپنی گفتگو کے دوران نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے چوہدری قمراقبال کی طویل اور گرانقدر خدمات کی تعریف کی اور کہاکہ چوہدری قمراقبال کی سربراہی میں پاکستان یونین ناروے ایک طویل عرصے سے نہ صرف کمیونٹی کے لیے سماجی خدمات انجام دی رہی ہے بلکہ ناروے میں پاکستانی ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے اور پاکستان ناروے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے اس پروقار تقریب کے اہتمام پر چوہدری غلام سرور اور چوہدری صابرحسین گھنسیہ کا شکریہ ادا کیا۔
یادرہے کہ گذشتہ دنوں برطانیہ سے گریٹر مانچسٹر کی ہائی شیرف ڈاکٹر روبینہ شاہ نے اوسلو میں ایک پروقار تقریب کے دوران چوہدری قمراقبال کو ان کی گرانقدر سماجی خدمات پر ہائی شیرف کا بین الاقوامی ایوارڈ پیش کیا۔