اوسلو (پ۔ر)۔
دارالحکومت اوسلو میں پاک۔ناروے فورم کے زیراہتمام بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم پیدائش میں منایاگیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیرپرویزخان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے نمائندے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نارویجن پاکستانی موجود تھے۔
اس پر رونق تقریب کا آغاز ورلڈ اسلامک مشن اوسلو کے امام حافظ شیرازحسین نے تلاوت کلام اللہ سے کیا اور مشہور نعت خواں عبدالمنان نے نعت رسول مقبول (ص) پیش کی۔ تقریب کے موقع پر قائداعظم کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے رہنماء اصولوں کو اپنانے پر زور دیا۔ تقریب کے دوران پاک۔ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں نے شرکاء سے اظہارتشکر کیا اور دیگر مقررین میں اوسلو پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرمبشربنارس اور اوسلوکی امیگرنٹس کونسل کے چیئرمین عزیزالرحمان شامل تھے جبکہ تقریب کی نظامت ممتازدانشور ناصر علی اعوان نے کی۔
سفیر پاکستان ظہیرپرویزخان نے کہاکہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح جیسا عظیم رہنماء ملا۔ ہم قائداعظم کے بتائے اصولون پر عمل کرکے آج درپیش چیلنجنوں سے نمٹ سکتے ہیں۔ امید ہے کہ پاکستانی قوم ملک کو درپیش مشکلات پربہت جلد قابو پا لے گی۔
انھوں نے کہاکہ قائداعظم ایک عظیم رہنما تھے جن کی بدولت قرارداد پاکستان کے صرف سات سال بعد ہی پاکستان معرض وجود میں آگیا۔ قائد نے ہمیشہ قوم کے مابین اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے کہاکہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور دنیا کے مسلمان کسی بھی مشکل میں پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہم اس اسلام پر یقین رکھتے ہیں جو تحمل بردباری اور دوسروں کے احترام کا درس دیتاہے۔
ظہیر پرویز خان نے کمیونٹی کے لیے پاک۔ناروے فورم کی خدمات کو سراہا اور خاص طور گذشتہ دنوں ڈیم فنڈ کے لیے رقم جمع کرنے میں فعال کردار ادا کرنے پر انھوں نے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور کی کوششوں کی تعریف کی۔
انھوں نے کہاکہ ڈیم فنڈ کے لیے نارویجن پاکستانیوں نے دل کھول کر چندہ دیاجس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اس بات کی اطلاع سینیٹر فیصل جاوید نے وزیراعظم عمران خان کو دی اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مجھے فون کرکے اس کام کو سراہا۔
اوسلو سٹی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر مبشر بنارس نے کہاکہ قائداعظم بہت ہی بااصول اور عظیم رہنماء تھے اور انھوں نے پاکستان حاصل کرنے کے لیے بہت ہی انتھک جدوجہد کی۔ اگرچہ گاندھی اور نہرو ہندوستان کے بڑے رہنماء تھے لیکن قائداعظم کی نظریات، جدوجہد کا طریقہ کاراور سوچ ان سے بالاتر تھی۔
تقریب کے دوران ناروے میں رول ماڈل کا خطاب پانے والی شخصیت اوسلو امیگرنٹس کونسل کے چیئرمین عزیزالرحمان کو قائداعظم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر پاک۔ناروے فورم کے صدر چوہدری اسماعیل سرور اور فورم کے دیگر عہدیداروں راجہ عاشق حسین، قمرعباس ٹوانہ اور مہر محسن رضا نے سفیر پاکستان ظہیرپرویزخان کو اعزازی طور پر ایک شیلڈ پیش کی۔ اختتام پر اسلامک کلچرل سنٹراوسلو کے سابق امام مولانا محبوب الرحمان نے دعا کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ناروے کے پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے منعقدہ تقریب کے دوران آٹھ کروڑ کی خطیر رقم جمع کی اور مزید رقوم دینے کا یقین دلایا۔ اس تقریب کے مہمانان خصوصی سینیٹر فیصل جاوید اور خیبرپختوںخواہ کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزیی تھے۔