ہولملیا۔اوسلو (پ۔ر) جامعہ اسلامیہ ہولملیا، اوسلو، ناروے میں گذشتہ روز سالانہ محفل میلاد النبی برائے حضرات منعقد ہوئی۔ اس پربرکت محفل میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت صاحبزادہ محمد حسن افتخار چشتی نے حاصل کی۔ محفل کے دوران نارویجن زبان میں صاحبزادہ محمد حسن افتخار چشتی نے خطاب کیا۔ محفل میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے والے مداح خوانوں میں محمد عبدالمنان ,صاحبزادہ یاسین سعید, محمد حمزہ شاہ ,محمد مدثر محمود, حاجی محمد عامر شہزاد چوہدری ,محمد نواز جامی اور محمد بشیر جامی قابل ذکر ہیں جنہوں نے اپنی اپنی خوبصورت آوازوں میں نعت رسول مقبول پیش کی۔
محفل سے جامعہ اسلامیہ ہولملیا کے امام علامہ افتخار احمد چشتی صاحب نے مقام و مرتبت نبی مکرم (ص) کے موضوع پر خطاب کیا۔ انھوں نے ورفعنا لک ذکرک کے موضوع پر بہت خوبصورت اور مدلل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم جو نبی پاک علیہ صلاۃ و سلام کی تعریف و توصیف اور ذکر کرتے ہیں، اس سے ہماری عزت اور رتبے میں اضافہ ہوتا ہے۔ سرکار کی عزت تو اللہ نے اتنی بلند کردیا کہ نہ کسی کے مٹانے سے مٹے گی اور کسی کے بڑھانے سے بڑھے گی۔
محفل کے آخری مرحلے میں حافظ سید بلال شاہ نے ختم قرآن پڑھنے کا شرف حاصل کیا اور اس کے بعد روحانی شخصیت پیر سید فدا حسین شاہ کی دعا کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوئی۔