( رپورٹ: محمد طارق )
ناروے میں مقیم پاکستانی پوٹھوہار کمیونٹی کی بزرگ رہنماء اور سماجی شخصیت چوہدری محمد نذیر طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد بروز منگل رات 11 بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بدھ 5 دسمبر صبح ساڑھے دس بجے مرکزی جماعت اہل سنت اوسلو میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ جماعت اہل سنت کے امام نعمت علی شاہ بخاری نے پڑھائی ،جبکہ دعا غوثیہ مسلم سوسائٹی کے امام مفتی زبیر تبسم نے کی۔ مرحوم چوہدری نذیر اسلام آباد راولپنڈی ویلفیرسوسائٹی ناروے کے پہلے منتخب صدر تھے۔
نماز جنازہ میں عام عوام کے ساتھ پاکستانی و پوٹھوہار کمینوٹی کی شخصیات نے شرکت کی ، جس میں پیپلزپارٹی ناروے کے رہنما چودھری محمد زمان ، علی اصغر شاہد، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیرسوسائٹی ناروے کے موجودہ صدر مرزا محمد ذوالفقار ، پاک ناروے فورم کے چوہدری اسماعیل سرور ، رِاجہ عاشق حسین، دنیا ٹی وی کے نمائندہ عقیل قادر، اسلام آباد روالپنڈی سماجی تنظیم کے متعدد ممبران کے علاوہ حسن اختر ، ملک زاہد ، ملک عزیز ، حاجی محمد رفیع ، ماسٹر محمد عارف ، نارویجین سیاست دان شہبازطارق، شیخ عامر ، طلعت بٹ اور ممتاز فری لانس کالم نگار محمد طارق شامل تھے۔ اوسلو میں نماز جنازہ کے بعد چوہدری محمد نذیر مرحوم کی میت پاکستان کے لیے روانہ کر دی گئی – ان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں سہوٹ تحصیل کہوٹہ ضلع راولپنڈی میں بروز جمعرات 6 دسمبر کو کی جائے گی
مرحوم چوہدری نذیر 70 کی دہائی میں ناروے آنے والے پاکستانیوں میں سے تھے۔ وہ جماعت اہل سنت ناروے کے بانیوں میں تھے ، راولپنڈی اسلام آباد ویلفیئر سوسائٹی کے بانیوں میں سے تھے اور وہ تنظیم کے پہلے منتخب صدر رہے۔ پاکستان میں اپنے آبائی گاؤں سہوٹ تحصیل کہوٹہ ضلع روالپنڈی میں ایک بڑے دینی مدرسے کے بھی معمار تھے۔ اس مدرسے سے ابتک متعدد حفاظ اور متعدد علماء تعلیم مکمل کرنے کے بعد پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں دینی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ پس ماندگان میں مرحوم چوہدری نذیر کی ایک بیٹی اور 4 بیٹے ہیں۔ جن میں بیٹی اور 3 بیٹے چوہدری محمد مظہرحسین ، چوہدری عجب خان ، چوہدری نذر ناروے میں مقیم ہیں، جبکہ چوہدری نجب خان برطانیہ میں رہائش پذیر ہیں۔
ناروے کی پاکستانی کمیونٹی چوہدری مظہرحسین ، چوہدری عجب خان اور ان کی دیگر اولاد اور لواحقین کے اس دکھ میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ رب ذوالجلال مرحوم کی آخری منزل میں آسانیاں فرمائے اورلواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین