ناروے میں پاکستانیوں کی بڑی تنظیم پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ کارتارپور راہداری کا کھلنا پاکستان اور بھارت کے مابین امن کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہیں اس اقدام سے خوشی ہوئی ہے اور امید ہے کہ اس سے جنوبی ایشیا میں امن و خوشحالی آئے گی۔ یہ دونوں ملکوں کے لیے امن کے قیام کا ایک اور موقع فراہم ہوا ہے، اسے ضائع نہیں کیا جاناچاہیے.
چوہدری قمراقبال نے کہاکہ آج دنیا ایک دوسرے کے قریب آرہی ہیں، خاص طور پر یورپی ممالک سرحدی پابندیوں کو ختم کرکے ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔ کارتارپور کی راہداری کھولنے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے کیونکہ پاکستان نے فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، یہ اقدام کیا ہے۔ اس سے خطے میں خوشحالی کی طرف پیشترفت ہوگی اور آسانیاں پیدا ہوں گی۔ اگر بھارتی حکومت کی طرف سے خلوص نیت سے جواب دیا جائے گا تو اس سے امن کی راہ ہموار ہوگی۔
واضح رہے کہ کارتارپور راہداری کو بدھ کے روز بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس تقریب میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور بھارتی پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارتی وفد نے شرکت کی۔