(اوسلو (نمائندہ خصوصی
حلقہ ارباب ذوق ناروے (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام اسی ھفتے فیوروست فورم اوسلو، ناروے میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود صاحبہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کا پہلا حصہ پاکستان سے تشریف لائے ہوئےمیاں محمد آصف سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کا نیا شائع ہونے والا سفرنامہ ’’ دید امید کا موسم” کی رونمائی کے لیے مختص تھا جبکہ دوسرا حصہ مشاعرے پر مشتمل تھا
نثار بھگت نے مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کہ بعد آفتاب وڑائچ جو کہ حلقہ ارباب ذوق ناروے کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں کو تقریب کی میزبانی کے لئے اسٹیج پر مدعو کیا۔ ارشد بٹ نے حلقہ ارباب ذوق ناروے کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئےبتایا کہ حلقہ ارباب ذوق ناروے گذشتہ کئی سالوں سے ناروے میں ادب کی ترقی اور ترویج کے لئے کوشاں ہے اور اسی سلسلہ میں حلقہ کے زیر اہتمام ماہانہ ادبی نشست کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
سفرنامہ ”دید امید کا موسم” پر آفتاب وڑائچ ، معروف اداکارہ، گلوکارہ اور شاعرہ ارم حسن ، صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف شاعر جمشید مسرور اور ہر سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مصنف میاں محمد آصف نے اپنے سفرنامہ سے چند اقتباسات پیش کرتے ہوئے ایک سماں باندھ دیا اور حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔
مشاعرے کی صدارت میاں محمد آصف نے کی جبکہ نظامت کے فرائض آفتاب وڑائچ نے سر انجام دیئے اور اپنا کلام پیش کرتے ہوئے مشاعرے کا آغاز کیا۔ شبانہ اقبال، اسلم میر، اندرجیت پال، ڈاکٹر سیف الرحمن، علی اصغر شاہد، مینا اختر، ادریس لاہوری، ارم حسن، سکھ دیو سنگھ سدھو، سلیم زیدی، سید حیدر حسین، برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے مبشرتشنہ، خالد تھتھال، جرمنی سے تشریف لائے ہوئے خواجہ حنیف تمنا اور جمشید مسرور نے اپنا اپنا خوبصورت کلام سنا کر خوب داد وصول کی۔
مہمانوں کو پھول پیش کیے گئے اور حلقہ ارباب ذوق ناروے کی جانب سے سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود نے میاں محمد آصف کو توصیفی سند پیش کی۔ تقریب میں ناروے کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں حاضرین کی تواضع کا بھی انتظام کیا گیا تھا