نواز شریف بتائیں جی ٹی روڈ پر کس کے خلاف نکل رہے ہیں، طاہر القادری

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادر ی نے کہا ہے کہ ہم نےجی ٹی روڈپرنظام کیخلاف احتجاج کیا، جرات ہے تو نواز شریف بتائیں جی ٹی روڈ پر کس کے خلاف نکل رہے ہیں۔ جی ٹی روڈ کی جماعت جی ٹی روڈ پر ہی دفن ہوگی۔ لاہورایئرپورٹ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آپ کو بددیانت قراردیاتو آپ سازشیں تلاش کر رہے ہیں،آپ نام لیں کس کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ پانی کاپانی ہو،نام نہیں بتاؤ گے تو سمجھیں گے کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ طاہر القادری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے تاریخی فیصلہ دیا، سپریم کورٹ نے نواز شریف کو جھوٹا قرار دیا،ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،شہید کارکنوں کا قصاص لے کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے ہاں دیر ہوسکتی ہے، اندھیر نہیں،ہم اپنے کارکنوں کے لیے انصاف لے کر رہیں گے، اب انصاف ملنے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔آئندہ لائحہ عمل کا اعلان ناصر باغ میں خطاب میں کروں گا۔




سربراہ پی اے ٹی کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت پر نااہل کیا گیا،سپریم کورٹ نے نواز شریف کو جھوٹا قرار دیا، ملک سے کرپشن ختم کرنے کے لیے باسٹھ ،تریسٹھ نافذ کرنا پڑے گا۔

طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان میرا گھر ہے، میرا وطن ہے، غریب کو کوئی تحفظ حاصل نہیں، اس ملک میں ہر روز غریبوں کا خون بکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی سیکورٹی پر بھروسہ نہیں ہے۔

خبر:جنگ

Recommended For You

Leave a Comment