اسلام آباد(پ۔ر)آزادی ٹرین کی تیاریاں راولپنڈی کیرج فیکٹری میں جاری ہیں جہاں 100 سے زائد مزدور پاکستان کے ثقافتی ورثہ کے مختلف ماڈلز کو حتمی شکل دینے کا کام کر رہے ہیں ۔اگست کی 12 تاریخ کو پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کی تقریب کے لیے آزادی ٹرین کا افتتاح کیا جائے گا ۔یہ ٹرین اپنے سفر کا آغاز مارگلہ ریلوے سٹیشن سے کرے گی ۔یہ پاکستان بننے کے آغاز ،ہمارے ماضی اور روشن مستقبل کی عکاسی کرے گی اور اس کے ساتھ ہی ملک کے تمام صوبوں اور مختلف خطوں کی ثقافت کو بھی نمایاں کرے گی ۔پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس نے 36 فنکاروں کا انتظام کیا ہے جن میں گلوکار ،موسیقار اور کٹھ پتلی چلانے والے آزادی ٹرین 2017 ء میں شامل ہوں گے ۔یہ فنکار اور گلوکار تمام بڑے ریلوے سٹیشنوں پر جن میں پشاور،راولپنڈی،لاہور ،ملتان ،سکھر ،کوئٹہ اور کراچی شامل ہیں میں آزادی ٹرین کے شیڈول کے مطابق اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔یہ ہر سٹیشن پر قیام کرے گی تا کہ اس علاقے کے لوگوں کو یہ موقع فراہم کرے کہ وہ اپنی خوبصورت ثقافت اورتاریخی ماڈلز کا نظارہ کر سکیں ۔