’پاکستان کی پہلی خاتون آرمی چیف بن کردکھاؤں گی‘

ایکسپریس(مردان): پاکستان میں لڑکیوں کے پہلے کیڈٹ کالج کی ہونہار طالبہ دورخانے بنوری نے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ وہ ملک کی پہلی خاتون آرمی چیف بن کردکھائیں گی۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی  نے مردان میں قائم ملک کے پہلے’گرلز کیڈٹ کالج‘ کے حوالے سے خصوصی رپورٹ تیار کی ہے جہاں انہوں نے زیرِ تعلیم مستقبل کے معماروں سے ان کے خوابوں اور  عسکری تعلیم و تربیت کے حوالے سے خیالات قلمبند کیے۔

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 70میل کی دوری پر صوبہ خیبرپختونخوا کے دوسرے بڑے شہر مردان میں قائم مذکورہ کیڈٹ کالج میں 70طالبات آنکھوں میں روشن مستقبل کے خواب سجائے ملکی تعمیر وترقی اور اس کی حفاظت کا عزم لیے تعلیم حاصل کررہی ہیں۔

ان ہی میں سے ایک  دورخانے بنوری بھی ہیں جنہوں نے پرجوش اور پراعتماد انداز میں بتایا کہ وہ ملک کی پہلی خاتون آرمی چیف بننا چاہتی ہیں،جب پاکستان میں خاتون وزیراعظم بن سکتی ہیں،خاتون وزیرخارجہ،گورنراسٹیٹ بینک،وفاقی وزرا بن سکتی ہیں تو خاتون آرمی چیف کیوں نہیں بن سکتی،’میں پاک فوج کی سربراہ بنوں گی  اور دنیا دیکھے گی‘۔

پاکستان بھر میں کیڈٹ کالجز حکومتی سرپرستی میں اعلیٰ عسکری افسران کے تعاون سے چلائے  جارہے ہیں جہاں نوجوان طالب علم بہترین تعلیمی سہولیات کے ساتھ تعلیم و تربیت پاکر مسلح افواج اور سول اداروں میں  اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔ عمومی طور پر کیڈٹ کالجز کے گریجویٹس کا مسلح افواج میں سلیکشن ہوتا ہے جہاں وہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔

ملک کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں لڑکوں کے کیڈٹ کالجز موجود ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں نوجوان تعلیم حاصل کررہے ہیں تاہم مردان  کا’گرلز کیڈٹ کالج‘ اپنی حیثیت میں ایک امتیاز رکھتا ہے۔

 




Recommended For You

Leave a Comment