وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہوئی تو پی ٹی آئی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی کو بھی جو کچھ ملنا ہے الیکشن سے ملناہے ۔
لاہور میں والد کی برسی کی تقریب سے خطاب میں سعد رفیق نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت ہی آگے بڑھے گی، انتخابات وقت پر ہوں گے، ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں ہی الیکشن مہم میں جائے گی، عوام کا فیصلہ چلے گا بند کمروں کا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال تھاکہ عدلیہ بحالی جدو جہد سے ایسی عدلیہ وجود میں آئے گی جو حکمرانوں کا احتساب کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد افتخار چوہدری نے پورا نہیں ہونے دیا اور معاملہ آلودہ کردیا ،ن لیگ کی عدلیہ سے ٹکراؤ کی کوئی پالیسی نہیں ، نہ ایسا ہوگا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم سمجھتےہیں کہ نواز شریف کے فیصلے سے ملک میں جمہوریت کو نقصان ہوا،گیلانی اور جہانگیر ترین کے فیصلوں کی بھی حمایت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے سپہ سالار کا سینیٹ میں خطاب بہت بڑا واقعہ ہے،سپہ سالار کا بیانیہ وہی ہے جو ہم سب کا ہے،سپہ سالار نے ڈنکے کی چوٹ پر جمہوریت کے تسلسل کی حمایت کی ہے۔
خبر: جنگ