(اوسلو خصوصی رپورٹ)
پاکستان میں اوورسیزپاکستانیوں کی جان و املاک کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے باہر رہنے والے ان پاکستانیوں کے حوصلے بلند ہوں اور وہ ملک میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوسکیں۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے رکن پنجاب اسمبلی میاں طارق سے اپنی حالیہ ملاقات کے دوران ان کے سامنے اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل پیش کئے۔
چوہدری قمراقبال نے اپنے تین ہفتے کے دورہ پاکستان سے واپسی پر اوسلو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ان کی میاں طارق سے ملاقات ان کے آبائی قصبے پنجن شاہانہ میں ایک تقریب کے اختتام پر ہوئی۔
چوہدری قمراقبال نے کہاکہ ملاقات کے دوران انھوں نے میاں طارق کو بتایاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے آبائی وطن پاکستان میں متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔ یورپ بشمول ناروے میں رہنے والے سترفیصد پاکستانیوں کا تعلق پنجاب کے علاقے گجرات سے ہے اور اسی وجہ سے اس طرح کے زیادہ تر مسائل گجرات میں ہی ہیں۔
چوہدری قمراقبال نے کہا کہ سیکورٹی کے مسائل سمیت پاکستان کی موجودہ صورتحال اور اکثر اوقات حکام کی طرف سے ناروا سلوک کی وجہ سے ناروے میں رہنے والی پاکستانیوں کی نئی نسل کے پاکستان آنے کے رحجان میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یورپی پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں رہنے والے ان کے عزیز و اقارب کو بھی تحفظ حاصل نہیں۔ ان کی جائیدادوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اور انہیں ہراسان کیا جاتاہے۔
چیئرمین پاکستان یونین ناروے کے بقول، میاں طارق نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ سمندرپار پاکستانیوں کے پاکستان میں مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپورکوشش کریں گے۔ ان کے دروازے ہروقت کھلے ہیں اور ان سے کسی بھی وقت رابطہ کیا جاسکتاہے۔ وہ اس کام کی خود نگرانی کریں گے۔ گجرات کے انتظامی اور پولیس سربراہاں سے خاص طور ان مسائل پر بات چیت کریں گے اور ان سے کہیں گے کہ متعلقہ تھانوں کے افسران کے لیے اس سلسلے میں خصوصی ہدایات جاری کی جائیں۔
پاکستان یونین ناروے، ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے متحرک سماجی تنظیم ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت نارویجن پاکستانیوں کے لیے سماجی خدمات انجام دیتی ہے۔ ناروے کے علاوہ، یونین پاکستان میں بھی اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے نارویجن پاکستانیوں کے آبائی علاقوں میں مسائل کو حل کرنے میں کوشاں رہتی ہے۔ حالیہ دنوں پاکستان یونین ناروے کی کوششوں سےمحکمہ لائیوسٹاک نے تحصیل کھاریاں کے علاقے پنجن شاھانہ کے لیے ویٹرنری ہسپتال کی منظوری دی گئی جس پر ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ اسی علاقے میں بیاسی لاکھ روپے گرلز پرائمری سکول کو مڈل سکول کی سطح پر ترقی دینے میں خرچ کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں گذشتہ دنوں علاقے میں ایک پروقار تقریب ہوئی جس سے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال، پنجاب اسمبلی کے رکن میاں طارق، ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹررانا واجد ارشد خان اور دیگرشخصیات نے خطاب کیا۔ چوہدری قمراقبال نے علاقے کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے میاں طارق کی کاوشوں کو سراہا۔ محکمہ لائیوسٹاک کے مقامی حکام نے اعلان کیا کہ جب تک جانوروں کا ہسپتال تعمیرنہیں ہوجاتاہے، ان کی موبائل ٹیم ہرہفتے جانوروں کا معائنہ کرے گی۔
علاقے کی معزز شخصیات پیر سید اسلم شاہ، زاہد اصغرنمبردار، غلام احمد نمبردار، ڈاکٹرمحمد طفیل، زاہد حسین، الطاف طاہر اور دیگرنے تقریب کے دوران میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔
اس موقع پرپاکستانی پرچم کے رنگوں سے مزئین پگھڑی ایم پی اے میاں طارق کے سر پر رکھی گئی۔ میاں طارق نے علاقےکی اہم شخصیات میں انکی سماجی خدمات پر تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔ پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے پاکستان میں اپنے حالیہ قیام کے دوران لاہور اور ملتان کا بھی دورہ کیا۔