ملک بھر میں نبی آخرالزماں ﷺ کا جشن ولادت

Eid Milad un Nabi SAW 2017

اسلام آباد(جنگ): ملک بھر میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، شہر شہر میلاد اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جارہی ہیں جبکہ کراچی اور لاہور میں جلوس جارہی ہیں۔

ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں رات گئے تک لوگ بڑی تعداد میں سڑکوں پر رہے، چراغاں اور لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے رات میں دن کا سماں تھا۔

خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم دو عالم کے لیے رحمت بن کر مبعوث ہونے والے، امن کے پیغام بر حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے میلاد کا دن آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔

پاکستان کے شہر شہر، گلی گلی روشنیوں اور قمقموں سے سجا دی گئی، بستی بستی درود و سلام کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، نگر نگر رسول رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے ذکر کی محفلیں اور عقیدت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی رونقیں عروج پر ہیں، شہری عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، شہر کی بلند عمارتوں اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

شہر بھر میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر مختلف مقامات کے ساتھ ساتھ سرکاری اور غیرسرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

لیاقت آباد، گولیمار، نمائش چورنگی پر مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کی شبیہہ بھی بنائی گئی ہے جبکہ شہر میں جگہ جگہ مختلف کیمپ لگا کر چراغاں کیا گیا ہے اور نعتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے فضائیں گونج رہی ہیں۔

جشن عید میلاد النبی کے موقع پر گیارہ ربیع اول کی رات کو لیاقت آباد سے نمائش تک سنی تحریک کے تحت ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں عاشقان رسول نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔

دن بھر بھی شہر کے کونے کونے میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسے جلوس اور محافل میلاد منعقد کی جائیں گی، اسی مناسبت سے لنگر بھی تقسیم کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے ملحق شہر راولپنڈی میں بھی جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم جوش و خروش اور عقیدت کے جذبوں سے منایا جارہا ہے۔

جڑواں شہروں کی مساجد ہی نہیں سرکاری و نجی عمارتوں کو بھی رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پرمسرت موقع پر لاہور شہر کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، گلیاں بازار اور گھر بحی برقی قمقموں سے جگمگانے لگے، جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں، درودو سلام کی محفلیں بھی جاری ہیں جبکہ مساجد میں اس حوالے سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقاریر و نعت خوانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

زندہ دلان لاہور کوئی بھی تہوار جوش و خروش سے منانے میں ثانی نہیں رکھتے، یہ تو پھر پیارے پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کا دن ہے، اس موقع پر جذبہ ایمانی اور جوش دیدنی ہوتا ہے۔

لاہور کی سرکاری اور نجی عمارتیں رنگ و نور میں نہا گئیں، گلیاں، محلے، بازار، مارکیٹیں اور گھر برقی قمقموں سے جگمگا اٹھے۔

ہر طرف مرحبا اور صلے علی کی صدائیں گونجتی رہیں، شمع رسالت کے پروانے آقائے دو جہاں سے محبت اور عقیدت کا اظہار درودو سلام کی محافل کے ساتھ ریلیاں نکال کر کر رہے ہیں۔

ماڈل ٹاؤن میں مشعل بردار، ڈیفنس میں کار ریلی نکالی گئی، شہر کے وسط میں گزرنے والی نہر میں بھی رنگوں کی کہکشاں اتر آئی۔

آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں پولیس بھی پیچھے نہ رہی، جس کے دفاتر پر زبردست چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منائیں گے اور شہر کے تمام جلوسوں اور مساجد کو فول پروف سکیورٹی فراہم کریں گے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کی خوشیاں منانے میں بچے بھی پیش پیش ہیں، ان کا اظہارعقیدت اور محبت بھی اچھوتا ہے۔

بچیاں ننھے منے ہاتھوں سے دف بجا کر آمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا جشن مناتے ہوئے محبت اورمعصومیت سے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھ رہی ہیں۔

بچے من کے سچے ہوتے ہیں، اسی لئے ان کا اظہار محبت بھی خوبصورت اور ننھےفرشتوں جیسا ہوتا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، ان کی رہائش گاہ کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔

میاں نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امرا رائے ونڈ کو عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے خوبصورت برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔

عمارت سے لے کر گھر کے لان کو بھی روشن کر دیا گیا، جمعہ 12ربیع الاول کے موقع پر میلاد کی محفل بھی منعقد کی جائے گی،جس میں نواز شریف، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر شرکت کریں گے۔

پشاور میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، شہر میں سرکاری و نجی عمارتوں اور بازاروں میں کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

کوئٹہ میں عید میلادالنبی کے سلسلے میں تیاریاں کی گئی ہیں، عمارات برقی روشنیوں سے جھلملا رہی ہیں، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اس دن کو نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔

کوئٹہ شہر میں اس موقع پر حفاظتی نکتہ نظر سے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔




Recommended For You

Leave a Comment