اوسلو،
انجمن حسینی ناروے کے مذہبی امور کے ڈائریکٹر حجتہ الاسلام و المسلمین ڈاکٹرسید زوار حسین نقوی نے انتہاپسند دہشتگردوں کے خلاف عظیم کامیابیوں پر عراقی عوام و حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ناروے میں عراقی سفیر کے نام ایک خط میں ڈاکٹر سید زوار نقوی نے کہاہے کہ دہشت گرد گروپ داعش کو عراق میں مکمل شکست دینا اور تمام عراقی علاقے آزاد کرانا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس پر عراق کی حکومت اور عراقی قوم دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
خط میں اربعین حسینی کے دوران کربلا اور دیگر زیارات کے احسن انتظامات پر بھی عراق کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی گئی ہے اور کہاہے کہ عراق میں ہمیشہ زائرین امام حسین علیہ اسلام کی بھرپور خدمت اور پذیرائی کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر سید زوار حسین نقوی نے اوسلو کے اسلامی مراکز کی طرف سے سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناروے میں عراقی سفارتخانے کے عملے خصوصاً ویزا سیکشن کے مسوولین اپنے امور کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہیں۔ خصوصاً انھوں نے ناروے سے اربعین پر جانے والے زائرین کے ویزا اور دیگر کاغذات کی تیاری کا کام بلاتاخیر اور منظم طریقے سے نمٹایا اور حسن اخلاق کے ساتھ پیش آئے۔