اسلام آباد: دھماکا خیز مواد دہشت گردی کیلئے نہیں لے جارہا تھا، مشکوک شخص کا بیان

Islamabad Police Arrested a Suspect from Protest site

جیو:اسلام آباد میں جاری دھرنے کے قریب سے دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار مشکوک شخص نے دہشت گردی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے پولیس کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ بارودی مواد روات میں ہاؤسنگ سوسائٹی میں سڑک کی تعمیر کے لیے لے کر جا رہا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے دھرنے کے قریب سے گرفتار مشکوک شخص کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدائی بیان میں شاہ فیصل نے بتایا وہ روات کے قریب زیر تعمیر ہاوسنگ سوسائٹی میں سڑک بنانے کے لیے پہاڑ کی بلاسٹنگ کے لیے سامان لے جا رہا تھا۔

شاہ فیصل نے بتایا کہ ترنول کے قریب سے یہ تمام مواد اسے سوسائٹی کے مالک نے مہیا کیا جسے لے کر اسے ترنول سے کشمیر ہائی وے اور پھر ایکسپرے وے کے ذریعے روات پہنچنا تھا۔

پولیس کے مطابق شاہ فیصل کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسے نہیں پتہ کہ دھرنا کب کہاں اور کیوں ہو رہا ہے۔

دوسری جانب سوسائٹی کے مالک کے مطابق اس نے یہ سامان بلاسٹنگ کے لیے خریدنے کا لائسنس لے رکھا ہے۔

جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے خلاف مقدمہ ضرور درج کیا جائے گا کیونکہ ڈیٹونیٹرز اور دیگر بارودی مواد بغیر کسی حفاظتی انتظام کے لے کر جانے کی اجازت نہیں ہے، اس کے لیے مخصوص حفاظتی نظام ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ پولیس نے فیض آباد انٹرچینج پر جاری دھرنے کے قریب سے ایک مشتبہ موٹر سائیکل سوار کو حراست میں لیا تھا جس کے قبضے سے 492 ڈیٹو نیٹرز اور 196 دھماکا خیز اسٹکس برآمد ہوئی تھیں۔

گرفتار شخص کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع مالا کنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ سے ہے۔




Recommended For You

Leave a Comment