کوئٹہ میں آج ایک اور پولیس افسر دہشت گردی کا نشانہ بن گئے، ملزمان کی فائرنگ سے ایس پی انویسٹی گیشن سمیت ان کے گھر کے چار افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس اپنی گاڑی میں اہل خانہ کے ہمراہ جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس، ان کا بیٹا، بہو اور پوتا جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں شہید ایس پی کی اہلیہ اور ڈھائی سالہ پوتی زخمی ہوئی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
واقعے کے بعدموٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افراد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔