متحدہ پی ایس پی اتحاد ایک ہی دن میں ٹوٹ گیا

ڈاکٹر فاروق ستار نے آج مصطفےٰ کمال پر تنقید کے وار کیے ہیں جس سے متحدہ پی ایس پی اتحاد ٹوٹنے کی تصدیق ہوگئی، انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کہیں نہیں جارہی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کہ آج اہم اعلان کرنے جا رہا ہوں، کل مہاجروں کے مینڈیٹ کی تذلیل ہوئی ، پی ایس پی کے رہنما مصطفےٰ کمال نے بڑا باریک کام کیا۔

کراچی میں پی آئی بی کے علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار کا مزید کہنا ہے کہ عوام کو اس پریس کانفرنس کے آخر میں اہم اعلان اور فیصلے سے آگاہ کروں گا،اپنے فیصلے کےوجوہات اور محرکات آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میری لینڈ کروزر کی بات کی گئی، مصطفیٰ کمال اپنی لینڈ کروزر کا بتائیں کہاں سے آئی، خیابانِ سحر کا دفتر کہاں سے آیا، جس نام پر ہم جیتے ہیں مرتے ہیں، اس کو ہم کیسے مٹادیں گے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ سینیٹ میں ایم کیو ایم پاکستان تیسری بڑی جماعت ہے،پاکستان کی قومی اسمبلی کے مطابق چوتھی بڑی جماعت کا سربراہ ہوں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان شہری آبادی کی سب سے بڑی جماعت ہے، 8اگست 1986ء کے نشتر پارک کے جلسے سے ایم کیو ایم عوامی جماعت بنی، ایم کیو ایم نے تمام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔

سربراہ ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ میرا ایک ہی بینک اکاؤنٹ ہے ،میری گاڑی بھی اپنی نہیں ہے،مجھے اپنی گاڑی کے 17لاکھ روپے اب بھی ادا کرنے ہیں،جبکہ مصطفیٰ کمال کی لینڈ کروزر نئی ہے،ان کےساتھ دوسرے رہنما کی گاڑی 3کروڑ سے زیادہ کی ہے۔

خبر: جنگ




Recommended For You

Leave a Comment