پارٹی میں کوئی مائنس نواز فارمولا نہیں، نوازشریف

Nawaz Sharif in London

سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ میں نا تو کوئی تقسیم ہے اور نا کوئی مائنس نواز فارمولا ہے۔

لندن میں مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیرخارجہ اور نوازشریف کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی امور سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ مجھےفیئر ٹرائل نہیں ملا، فیئرٹرائل ہوتا تو پاناما کے بجائے اقامہ پر نااہل کرنے کا کیا جواز بنتا، سب کچھ دیکھ اور سمجھ رہا ہوں تاہم احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے 2 نومبر کو واپس پاکستان جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی تقسیم ہے اور نہ کوئی مائنس نواز فارمولا ہے۔

واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں گزشتہ سماعت میں پیش نہ ہونے پر نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں اور عدالت نے انہیں 3 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔  نواز شریف 5 اکتوبر کو لندن گئے تھے اور انہیں 23 اکتوبر کو واپس آنا تھا لیکن ان کی واپسی کا شیڈول چار بار تبدیل ہوا اور پہلے وہ لندن سے سعودی عرب چلے گئے جس کے بعد آج دوبارہ لندن پہنچ گئے۔




Recommended For You

Leave a Comment