اوسلو (بیورو رپورٹ)
نارویجن مصور ’’تھور ھوگستودت‘‘ کے فن پاروں کی نمائش اتوار کے روز اوسلو میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس تین روزہ نمائش کا اہتمام دی سٹیزن فاونڈیش (ٹی سی ایف) نے اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے کیا۔
نمائش میں رکھنے گئے فن پارے، پاکستان کی خوبصورتی کی تصویر پیش کرتے ہیں۔ خاص طورپر ان فن پاروں میں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سرسبز اور برف پوش پہاڑوں اور دلکش نظاروں کی عکاسی کی گئی ہے۔ نمائش تین دن تک جاری رہی اور اس دوران لوگوں نے ان فن پاروں اور ان میں نارویجن مصور کی ہنرمندانہ صلاحیتوں کو بہت سراہا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود، ثقافتی تنظیم دوستی کے صدر سید طارق شاہ اور دیگر متعدد ادبی و ثقافتی شخصیات اور دوسرے ممالک کے سفارتی نمائدوں نے شرکت کی۔ نمائش میں رکھے گئے فن پاروں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو پاکستان میں تعلیم پر خرچ کیاجائے گا۔
’’تھور ھوگستودت‘‘ ایک عالمی شہرت یافتہ نارویجن ہنرمند ہیں جن کے فن پاروں کی نمائش ناروے کے علاوہ فرانس، امریکہ، کینیڈا اور تائیوان میں ہوچکی ہے۔
اس موقع پر سفیرپاکستان نے نارویجن مصور کی کاوش کی تعریف کی اور کہاکہ اس سے پاکستان کے بارے میں اچھا تاثر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ نارویجن مصور نے کہاکہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور انھوں نے کوشش کی ہے کہ وہ اس خوبصورتی کو اپنے فن کے ذریعے نمایاں کیں۔ نارویجن مصور ’’تھور ھوگستودت‘‘ تین سال قبل پاکستان گئے تھے اور اس دوران انھوں نے مختلف خوبصورت مقامات کا دورہ کیا۔ تنظیم ’’دوستی‘‘ ناروے کے صدر سید طارق شاہ کہتے ہیں کہ اس طرح کی نمائش سے یورپ میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیے:ناروے میں صفائی کرنے والا پناہگزین کیسے ارب پتی بنا: اس کامیاب کہانی کے پیچھے وجوعات کیا تھیں؟
نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعد شام ایک محفل قوالی کا بھی اہتمام کیاگیا تھا جس کا مقصد پاکستان میں تعلیم کے میدان میں کام کرنے والی تنظیم دی سٹیزن فاونڈیشن ’’ٹی سی ایف‘‘ کے لیے رقم جعم کرنا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں ٹی سی ایف کے کام کو سراہا۔ اس دوران پاکستان میں ٹی سی ایف کی ڈائریکٹر نیلوفر سعید بھی موجود تھیں جنہوں نے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں اپنی تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
ٹی سی ایف گذشتہ بائیس سالوں سے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے۔ اس تنظیم کی پاکستان میں نادار اور مستحق طبقات کے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ ہے۔