سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز لیگ کو انہوں نے نہیں پکڑا اللہ تعالیٰ نے پکڑا ہے، سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہے۔
کراچی کے علاقے سلطان آباد میں تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا، ہمارے عظیم قوم نے بننے کی وجہ طاقتوروں کا احتساب نہ ہونا ہے، ہمارا نظام کمزوروں کو پکڑتا ہے، طاقت وروں کو نہیں پکڑتا،نقلی ترقی میٹروٹرین اور سڑکیں ہیں، اصل بچوں کی تعلیم پر خرچ کرنا ہے۔
انہوں نے معاشرے میں انصاف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمزور اور طاقتور معاشرے کے سامنے برابر ہونا چاہئے۔
آصف زرداری کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سینما کے ٹکٹ فروخت کرنے والے کی آج 19شوگر ملیں ہیں، جن میں سے 14 عزیر بلوچ نے انہیں دلوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی لے کر آنی ہے، اب سونامی کا طوفان پختون خوا سے ڈیزل کو بہاتا ہوا راستے میں ایزی لوڈ کو لیتا پنجاب سے کیوں نکالا کو لائے گا اوریہ ریلا سندھ میں آکر آصف زرداری کو ساتھ بہہا لیجائے گا۔
عمران خان نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں ہندو برادری کے زیر اہتمام ہونے والی دیوالی کی رنگا رنگ تقریب میں بھی شرکت کی اور کیک کاٹا۔
ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہندو لڑکیوں کو زبردستی مسلمان کرنے سے متعلق سنا ہے، اسلام اس کی اجازت نہیں دیتا، ایسا کرنے والے مجرم ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ میں کمزور طبقے پر جتنا ظلم ہے وہ کہیں اور نہیں، پولیس بھی طاقت ور کا ساتھ دیتی ہے، لیکن وہ مظلوموں کو انصاف دلاکر رہیں گے۔
خبر: جنگ