نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم بدل سکتا ہے مگر پالیسی وہی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے مشاورت کے بعد کہا ہے کہ وفاقی کابینہ ایک دو دن میں تشکیل دے دی جائے گی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ تمام منصوبوں اور ترقیاتی اسکیموں پر پہلے سے زیادہ تیزی سے کام ہوگا ۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم ہاؤس میں قیام نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، اسلام آباد کے ایک سیکٹر میں واقع رہائش گاہ کو وزیراعظم کی رہائش گاہ قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ایک سیکٹر میں واقع رہائش گاہ وزیراعظم کی رہائش گاہ قرار دی گئی ہے،وزیراعظم کو بلیو بک کے تحت سرکاری پروٹوکول اور سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی مری سے واپسی پر سیدھے اسلام آباد میں وزیراعظم آفس پہنچے،انہوں نے اضافی گاڑیاں اور پرٹوکول لینے سے بھی انکار کردیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم تمام دفتری امور اور سرکاری اجلاس بھی وزیراعظم ہاؤس کی بجائے وزیراعظم آفس میں ہی کریں گے۔
خبر:جنگ