آپ نے شال اوڑھ رکھی ہو، دوپٹے میں لپٹی ہوں یا برقع پہن رکھا ہو، ثمینہ کے خیال میں خواتین کو ہر حال میں ہراساں کیا جاتا ہے

Pakistani Women Harrasment Issues

ثمینہ پیارا راولپنڈی کی رہائشی ہیں اور ہر روز نوکری کے سلسلے میں اسلام آباد تک سفر کرتی ہیں۔ وہ کئی برس تک بسوں اور ویگنوں میں دھکے کھاتی رہی ہیں اور آخرکار دیگر ہزاروں خواتین کی طرح روز ہراساں کیے جانے سے تنگ آکر انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ موٹرسائیکل چلائیں گی۔

ثمینہ کہتی ہیں کہ ہراساں کیے جانے کا سفر، بس سٹاپ سے ہی شروع ہو جاتا ہے۔ ’جب آپ سٹاپ پر کھڑی ہوں تو کار یا بائیک والا آتا ہے، ہارن بجاتا ہے اور کہتا ہے کہ لفٹ لے لیں۔‘
ان کے خیال میں یہ بات بالکل اہم نہیں کہ کسی بھی علاقے کے ایک بس سٹاپ پر کھڑی خاتون نے کیا لباس پہنا ہے۔ ’یہی کافی ہے کہ آپ ایک خاتون ہیں۔‘

ثمینہ بتاتی ہیں کہ سٹاپ پر گاڑی کے انتظار کے دوران معنی خیز نظروں کا سامنا کرنے کے بعد جب بس یا ویگن میں داخل ہو جائیں تو وہاں کا ماحول بھی ہمت توڑنے کے لیے کافی ہوتا ہے۔

‘مرد جملے کستے ہیں کہ دیکھو بڑی ’فِٹ‘ لگ رہی ہے، پھر ان کی کوشش ہوتی ہے کہ یہ جو لڑکی انھیں بہت ’فِٹ‘ لگ رہی ہے، اس کے ساتھ ان کا ہاتھ ، بازو یا جسم کا کوئی بھی حصہ چھو جائے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ یہ ہر روز کا معاملہ ہے اور ہر خاتون کو سہنا پڑتا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ میں محفوظ ماحول کی عدم فراہمی خواتین کے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ایک بڑی وجہ بنتی ہے۔

’یہی وہ موقع تھا جب میرے دل نے فیصلہ کیا کہ اب بائیک چلانا سیکھوں گی۔‘

ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں لاکھوں خواتین بسوں اور ویگنوں سمیت آمدورفت کے دیگر عوامی ذرائع روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتی ہیں۔ تاہم ملک میں ایسی کوئی جائزہ رپورٹ نہیں جو ان کی درست تعداد بتا سکے۔

مزدوروں کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم آئی ایل او نے اپنی ایک رپورٹ میں خواتین کے لیے مناسب ذرائع آمدورفت نہ ہونے کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں خواتین کی اکثریت کے لیے گھروں سے باہر کام کرنا پاکستان میں عام نہیں ہے جس کی بڑی وجہ مناسب اور باعزت ذرائع آمدورفت کی کمی یا سِرے سے عدم موجودگی ہے۔

Pakistani Women Harassment Issues

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 35 فیصد خواتین جنسی ہراس کا نشانہ بنتی ہیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والی 90 فیصد خواتین کسی بھی قسم کی ہراسگی کا شکار ہوتی ہیں۔

آمدورفت کے ان عوامی ذرائع یعنی بسوں، ویگنوں اور رکشوں میں محفوظ ماحول کا نہ ہونا ہی واحد مسئلہ نہیں، بلکہ ان بسوں کے مجوزہ روٹس اتنے کم ہیں کہ اکثر مسافروں کو پہلے تو کئی گاڑیاں تبدیل کرنا پڑتی ہیں اور پھر سٹاپ سے دفتر یا تعلیمی اداروں تک پیدل جانا پڑتا ہے۔

لوک ورثہ میں کام کرنے والی ثمینہ ذاتی کار کی استطاعت رکھتی ہیں نہ ہی نسبتاً محفوظ سمجھی جانے والی ٹیکسیوں میں سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے یہ بھی قابلِ قبول نہیں کہ وہ گھر بیٹھیں۔

‘اپنے دو بچوں کی واحد کفیل ہونے کے وجہ سے نوکری تو کرنی ہے۔‘

پاکستان میں بعض بڑے شہروں میں خواتین نے حالیہ برسوں میں موٹر سائیکل چلانا شروع تو کیا ہے تاہم ملک میں فی الحال یہ کلچر عام نہیں۔

جب ثمینہ سے یہ پوچھا کہ انھیں بائیک چلاتے ہوئے کس قسم کے مسائل کا سامنا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ لوگ انھیں ’سپورٹ‘ کرتے ہیں۔

’پہلے میں اپنے دفتر کے کسی ساتھی سے لفٹ لینے کے لیے انتظار کرتی تھی، اب میں اپنی ساتھیوں کو لفٹ دیتی ہوں۔ سڑک پر جو خواتین مجھے دیکھیں وہ بہت خوشی کا اظہار کرتی ہیں اور حوصلہ بڑھاتی ہیں۔‘

میں نے سوچا کے دفتر تک جانے کے لیے میں بھی ثمینہ سے لفٹ لیتی ہوں، جو انھوں نے بخوشی قبول کر لیا۔

ہیلمٹ پہنے، لائن کی پابندی کرتے اور نہایت احتیاط مگر پراعتماد انداز میں بائیک چلاتے ہوئے ثمینہ نے بتایا کہ سڑک کنارے کسی مدد کے انتظار میں کھڑے مرد کی مدد کریں تو وہ جاتے جاتے فون نمبر ضرور مانگتے ہیں۔

‘مگر یہ سب اُس اذیت سے کم ہے جو سٹاپ پر یا بس میں مجھے اور باقی خواتین کو سہنا پڑتی ہے۔




Recommended For You

Leave a Comment