گوگل ’’پکسل 2‘‘ اسمارٹ فون سام سانگ گلیکسی اور آئی فون سے ٹکر لینے کو تیار

Google Pixel 2

گوگل نے اپنے ’’پکسل‘‘ اسمارٹ فون کا نیا ڈیزائن ’’پکسل2‘‘ متعارف کروا دیا ہے جس میں خاص طور پر تصویر کا معیار بہتر بنایا گیا ہے۔

نئے اسمارٹ فون پکسل 2 اور ایکسل 2 ایکس ایل کی خاص بات اس کا 12 میگاپکسل کیمرا ہے جو مخصوص بلٹ اِن سافٹ ویئر کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی معیاری تصویر کھینچ سکتا ہے جبکہ اس سے لی گئی تصویروں کا معیار پہلے کے مقابلے میں دوگنا بہتر ہوگیا ہے۔ ایلومینم باڈی والے ان فونز میں تصویر کا معیار بہتر بنانے کےلیے مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) سے خوب فائدہ اٹھایا گیا ہے جس کی بدولت ایسی غیرمعمولی فوٹو کوالٹی حاصل ہوتی ہے کہ جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جائیں۔ اس کا کیمرہ ’’آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن‘‘ فیچر استعمال کرتا ہے جس میں گوگل کی وضع کردہ ’’کمپیوٹیشنل فوٹوگرافی اسمارٹ ٹیکنالوجی‘‘ بھی شامل کی گئی ہے۔




واضح رہے کہ گوگل نے گزشتہ سال تائیوان کی الیکٹرونک مصنوعات بنانے والے اور اسمارٹ فون کے میدان میں مشہور ’’ایچ ٹی سی گروپ‘‘ میں شامل کچھ کمپنیاں خرید لی تھیں۔ اس کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب گوگل نے اسمارٹ فون تیار کیا ہے۔

ابتدائی طور پرگوگل  کے یہ اسمارٹ فون چھ ممالک میں 19 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔ پانچ انچ اسکرین والے پکسل 2 اسمارٹ فون کی قیمت 649 ڈالر جبکہ پکسل  2 ایکس ایل کی قیمت 849 ڈالر رکھی گئی ہے۔

پکسل 2 اسمارٹ فونز کی آمد سے گوگل اس وقت براہِ راست سام سنگ اور ایپل کے مدمقابل آنے کی کوشش کررہا ہے جو بالترتیب ’’گلیکسی‘‘  اور ’’آئی فون‘‘ کی بدولت دنیا میں اسمارٹ فون مارکیٹ کا سب سے بڑا حصہ لیے ہوئے ہیں۔

خبر: ایکسپریس

Recommended For You

Leave a Comment