نواسہ رسول ﷺ کی میدان کربلا میں قربانی کی یاد میں آج کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر میں مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔ کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔
9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس صبح گیارہ بجے نشتر پارک میں ہوگی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے ۔ مجلس کے بعد تقریبا ایک بجے جلوس برآمد ہوگا جبکہ نماز ظہرین 2 بجے امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پر اداکی جائے گی۔
جلوس ایم اے جناح روڈ، سی بریز پلازا، ایمپریس مارکیٹ، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس موڑ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔
سکیورٹی کے پیش نظر آج بھی کراچی ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہنے کا امکان، کراچی اور پشاورمیں 3دن تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پشاور میں سکیورٹی کےپیش نظر موبائل سروس بند ہونا شروع ہوگئی جبکہ کراچی ، لاہور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی آج موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنےکا فیصلہ امن و امان یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے ۔
آج اور کل راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو سروس بھی معطل رہے گی۔ گزشتہ روز بھی سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس دن بھر بند رہی تھی۔
خبر: جنگ