آٹھ محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے سیکورٹی سخت

8th Muharram Juloos in Pakistan

آٹھ محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے سیکورٹی سخت ملک بھر میں آٹھویں محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

کراچی میں 8ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیاں پرختم ہوگا جب کہ نشتر پارک اور جلوس کی گزرگاہوں کو 9 سیکٹر اور 23 سب سیکٹر میں تقسیم کیا گیا۔

جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ اور صدر میں جلوس کی گزر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بندکیا گیا ہے اور 10محرم الحرام کی رات تک دکانیں اور سڑک بند رہے گی۔

لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربار حسین موری گیٹ سے برآمد ہوگا جو لوہاری، انار کلی اور مال روڈ سے ہوتا ہوا پام اسٹریٹ انار کلی پہنچے گا۔

یوم عاشور پر پنجاب حکومت نے جلوس کے روٹ پر فوج اور رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے جب کہ جلوسوں کے روٹ پر اسنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔

لاہور اور راولپنڈی میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل فون سروس معطل رہے گی اور لاہور ٹریفک پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب ہری پور میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے سلسلے میں جی ٹی روڈ کو بھی بند کردیا گیا ہے جو شام 5 بجے تک بند رہے گی۔

ادھر فیصل آباد شہر اور گرد و نواح میں غیر اعلانیہ موبائل فون سروس کی بندش کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ بھکر میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے سلسلے میں موبائل فون سروس بند ہے۔

 یہ خبر بھی پڑہیں:کراچی:ایم اے جناح پر دکانیں سیل، سڑکیں کنٹینرر لگا کر بند 

محرم الحرام کے پیش نظر پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی اور 3 دن کے لئے پابندی برقرار رہےگی۔

ادھر محکمہ داخلہ بلوچستان نے عاشورہ محرم پر موبائل سروس کی بندش کے لیے وفاقی وزرات داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا، اجازت ملنے کے بعد 9 اور 10 محرم کو صوبے کے 4 اضلاع میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی جائے گی۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے نویں محرم کو ضلع بولان کے علاقے مچھ اور دسویں محرم الحرام کو کوئٹہ، جعفرآباد اور جھل مگسی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کی اجازت مانگی ہے۔

 خبر: جنگ



Recommended For You

Leave a Comment