این اے 120 ضمنی انتخاب، کلثوم نواز آگے

لاہور کے حلقے این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج آنا شروع ہوگئےہیں، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ن لیگ کی امیدوار کلثوم نواز اور کہیں پی ٹی آئی کی امیدوار یاسمین راشد آگے ہیں۔

این اے 120 ضمنی انتخاب کے117 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق کلثوم نواز 31603 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی یاسمین راشد 24396 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم ہوا تو ن لیگ نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا جبکہ تحریک انصاف نےاس کی مخالفت کی ۔

مسلم لیگ نون کے رہنما سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم 3 گھنٹے سے الیکشن کمیشن سے وقت بڑھانے کی استدعا کررہے ہیں،لوگ بڑی تعداد میں پولنگ اسٹیشنز کےباہر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار گزار ش کی ہے ، ہماری بات سنی نہیں جارہی، ہر سطح پر الیکشن کا وقت بڑھانے کی استدعا کرچکے ہیں ، الیکشن کانتیجہ تسلیم کرنے کا سوال رونے والوں سے کیاجائے ۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 میں نوازشریف کی خالی نشست پران کی اہلیہ کلثوم نواز، پی ٹی آئی کی یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے فیصل میر کےدرمیان مقابلہ ہے۔

این اے 120 ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تو پولنگ کا عمل آہستہ تھا بعد ازاں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر رش بڑھ گیا، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تلخ کلامی، جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعات ہوتے رہے۔

لاہور کے علاقے کچا ہال میں فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے حوالے سے ایس پی سول لائن سید علی رضا کا کہنا ہے کہ کچا ہال روڈ کا علاقہ این اے 120 کے حلقے میں نہیں آتا، فائرنگ کا این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔



فاطمہ جناح میڈیکل پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور کشیدہ صورتحال کے پیش نظر رینجرز اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارکنان کو پولنگ اسٹیشن کے قریب جانے سے روک دیا۔

دوسری جانب بلال گنج کے علاقے میں پولیس نے لیگی کارکنان کو پولنگ اسٹیشن کے قریب جانے سے روکا تو اس موقع پر اہلکاروں اور کارکنان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔

کوپر روڈ پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی تاہم پولیس نے کارکنوں کو نعرے بازی سے روک دیا ۔

ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ، پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور پولیس کے دستے تعینات کیے گئے۔

خبر: جنگ




Recommended For You

Leave a Comment