وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کراچی میں مقابلوں کا انعقاد آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم کے فیصلوں سے مشروط ہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آزادی کپ صرف کرکٹ کا مقابلہ نہیں بلکہ پاکستانی قوم کی عزم کی للکار تھی اور اس سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج ابھرا، دیگر سیریز کا بھی اعلان ہوگیاہے جس میں دیگر ٹیمیں بھی یہاں آکر کھیلیں گی،ان کھلاڑیوں کو سلام کرتاہوں جو پاکستان میں کھیلنے آئے ،پی ایس ایل کا کامیاب فائنل ہوا جس سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا، سکیورٹی انتظامات پر اہل علاقہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ حکومت کی کوشش ہے پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی کھیلوں کے میدان آبادکریں، کراچی میں مقابلوں کا انعقاد آئی سی سی کی سکیورٹی ٹیم کے فیصلوں سے مشروط ہے،بہت جلد کراچی کیلئے بھی سکیورٹی کلیئرنس حاصل کرلیں گے جس کے بعدوہاں کے لوگ بھی انٹرنیشنل کرکٹ دیکھ سکیں گے۔