کراچی کے سمندر نے آج درجن بھر افراد کی جان لے لی اور ان کے گھر ماتم میں ڈوب گئے۔
ہاکس بے پر پکنک منانے کے لیے جانے والے 12 افراد نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوب گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں اور ڈوبنے والوں کی تلاش کا کام شروع کر دیا۔
ریسکیو ٹیموں کے تیراک نے 7 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جب کہ ڈوبنے والے 3 افراد کو بچالیا گیا ہے۔
ریسکیو ٹیموں کے ماہر تیراک ڈوبنے والے 2 لاپتا افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق ڈوبنے والے زیادہ تر افراد ایک دوسرے کو بچانے کی کوششوں میں سمندر کی نذر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ لائف گارڈز نے7لاشیں نکال لی ہیں اور 3 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جب کہ 2 افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق ڈوب کر جاں بحق ہونے والے افراد میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، ڈوبنے والے افراد کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈوبنے والے تمام افراد کا تعلق ناظم آباد سے ہے۔
خبر: جنگ