قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ شریف خاندان اوراسحاق ڈار کے خلاف تمام ریفرنسز منظور کرلئے گئے ہیں، احتساب عدالت نے کسی بھی ریفرنس کو واپس نہیں بھیجا۔
ترجمان نیب نوازش علی نےجیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہناکہ کسی ریفرنس کوقبول نہیں کیا گیا،محض قیاس آرائیاں ہیں، نیب نے چار ریفرنسز احتساب عدالت میں جمع کرائے ہیں اور تمام ریفرنسز کو قبول کرلیا گیا ہے۔
ترجمان نیب نوازش علی نے مزید کہا کہ احتساب عدالت میں ریفرنس دائرکیا گیا، ریفرنسز کا معاملہ ٹرائل کے لیے بھیج دیا گیاہے، عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنسزکے معاملے پرعدالت کی مکمل معاونت کریں گے، ریفرنسز کے معاملے پر ہمارے ذمےجو کام تھا وہ کردیا ہے، اب معاملہ عدالت میں ہے، اس پرمزید بات نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ابتدائی اسکروٹنی کے بعد نیب کی جانب شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کو نامکمل قرار دے دیا ہے۔
نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز 4 ریفرنسز کی منظوری دی تھی جن میں سے 3 ریفرنسز شریف خاندان اور ایک وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ہے۔
آج نیب کی جانب سے چاروں ریفرنس دائر کیے گئے تھے،نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف تینوں ریفرنس دائر کیے۔ شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے 2 ریفرنسز دائر کیے گئے جب کہ ایک ریفرنس عزیزیہ اسٹیل مل کے معاملے پر دائر کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ناجائز اثاثہ جات ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیاہے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنسز کے ساتھ جے آئی ٹی کے 9 جلدیں لگائی گئی ہیں جو ہر ریفرنس کے ساتھ منسلک کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تینوں ریفرنسز میں نیب کی سیکشن نو اے لگائی گئی ہے جو غیر قانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے جب کہ نیب لاہور اور راولپنڈی نے دفعہ نو اے کی تمام14ذیلی دفعات کو شامل کیا گیا ہے اور ہردفعہ کی سزا 14 سال قید مقرر ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف سیکشن 14 سی لگائی گئی ہے جو آمدن سے زائد اثاثے رکھنے سے متعلق ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی دفعات میں سزا کے ساتھ بعد عوامی عہدیداروں کے لیے عمر بھر کی نااہلی بھی ہوتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے مریم نواز پر جعلی دستاویزات دینے پر الگ سے شیڈول دو کا حوالہ دیا گیا ۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف تحقیقات میں نقصان پہنچانے سے متعلق سیکشن 31 اے کا حوالہ بھی شامل ہے اور اس الزام کے جرم میں تین سال قید کی سزا بنتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفرنسز کی نقول ضروری تبدیلیوں کے بعد دستخط کے لیے چیئرمین نیب کے گھر بھجوائی گئی تھیں، ریفرنسز میں تبدیلیاں نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں مشاورت سے کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نیب لاہور کی جانب سے پیش کیے گئے دونوں ریفرنسز کسی تبدیلی کے بغیر منظور کیے گئے تھے جب کہ نیب راولپنڈی کے ریفرنسز میں کچھ قانونی خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ڈی جی نیب راولپنڈی کو ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں کچھ سوالات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں تیار کیے گئے ہیں۔
خبر: جنگ