ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری 2017ء کو مسترد کردیا اور 72 گھنٹوں میں احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی بی کالونی فٹبال گرائونڈ میں جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب میں متحدہ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کی آبادی کم دکھاکر یہاں کی رہنے والی تمام قومیتوں کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مردم شماری کو اس لئے مسترد کرتے ہیں کہ شہر کی آبادی 1کروڑ 60 لاکھ دکھائی گئی ہے جبکہ کراچی میں 3کروڑ کے قریب لوگ رہتے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ شہر کی آبادی سے 1کروڑ 40لاکھ لوگوں کو لاپتا کردیا گیا ہے،وہ 2017ء کی مردم شماری کو مسترد کرتے ہیں اور ادارہ شماریات کی مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے 48 سے 72 گھنٹوں میں مزار قائد سے ادارہ شماریات کے دفتر یا سپریم کورٹ کراچی رجسٹری تک ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا ۔
خبر: جنگ