ناروے میں پاکستانی مصنوعات متعارف کروانا خوش آئند بات ہے، چوہدری قمراقبال کا تقریب سے خطاب

This slideshow requires JavaScript.

اوسلو: پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے کہاہے کہ ناروے میں پاکستانی مصنوعات متعارف کروانا ایک خوش
آئندہ بات ہے۔ وہ یہاں نارویجن دارالحکومت اوسلومیں ایک تقریب سے خطاب کررہےتھے جس میں چمبرآف گجرات کے اراکین کا ایک وفد اور متعدد نارویجن پاکستانی شخصیات بھی شریک تھیں۔
اس موقع پر گجرات شہر کے میئرحاجی ناصر اور گجرات کی ممتاز کاروباری شخصیت اور انجمن مریضاں شہید عزیز بھٹی ہسپتال کے صدرمیاں اعجازبھی موجود تھے۔
چوہدری قمراقبال نے گجرات کے میئر حاجی ناصر، کاروباری و سماجی شخصیت میاں اعجاز و گجرات چمبر کے وفد کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ میرے لیے یہ انتہائی مسرت اور خوشی کا باعث ہے کہ آپ جیسی ممتازشخصیات آج ہمارے درمیاں موجود ہیں۔
انھوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ پاکستانی صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرے تاکہ وہ یورپ میں زیادہ سے زیادہ دسترس حاصل کریں اور یورپی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات میں اضافہ ہو۔ اس کے علاوہ اوورسیزپاکستانیوں بشمول نارویجن پاکستانیوں کو بھی مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکیں۔
انھوں نے کہاکہ اوسلومیں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور اس سے پاکستانی کاروباری حلقے کے
یورپ میں روابط میں اضافہ ہوگا۔
تقریب کے دوران میاں اعجاز نے کہاکہ وہ گجرات کڈنی سنٹر کےلیے عطیات جمع کررہے ہیں۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اگرکسی نارویجن پاکستانی کو گجرات کی سطح پر سرکاری حکام کے حوالے سے کوئی مسئلہ ہو تو وہ اس مسئلے کے حل کے لیے معاونت کرنے کے لیے تیارہیں۔

چوہدری قمراقبال نے میاں اعجاز کی خدمات کے حوالے سے کہاکہ وہ ان کی کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان میں مستحقین اور نادار لوگوں کے لیے کام کرنا بہت احسن اقدام ہے اور انسانیت کی خدمات ایک بڑی عبادت ہے۔ نارویجن پاکستانی اور اوورسیزپاکستانی ہمیشہ پاکستان میں کوئی بھی زلزلہ و دیگر قدرتی آفات ہوں، دل کھول کر مدد کرتے ہیں۔ ان کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انھوں نے زوردے کرکہاکہ لوگوں کو چاہیے کہ میاں اعجاز کے مشن کو جو گجرات کے عوام کے لیے ہے، کامیاب بنائیں۔  انھوں نے اس موقع پر کاروباری و سماجی شخصیات سید ذکی الحسن شاہ اور شیخ فواد انور سے سے درخواست کی کہ میاں اعجاز کے نیک مقاصد اور انسانی فلاح کے اس عظیم مشن میں ان کا ہاتھ بٹائیں۔  
انھوں نے کہاکہ ناروے میں سترفیصد نارویجن پاکستانیوں کا تعلق ضلع گجرات سے ہے۔ بہت سے لوگوں کو پاکستان میں مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کا تعلق مقامی انتظامیہ، پراپرٹی اور دیگر معاملات سے ہے۔ ہماری درخواست ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے پاکستان میں مسائل کے حل کے لیے رہنمائی اور مدد کی جائے۔
چوہدری قمراقبال نے میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات جن میں محمود اختر، سید وقارگیلانی، مرزا یوسف، میاں محمد صفدر، افضال طاہر اور عارف علی عارف قابل ذکر ہیں، کا شکریہ ادا کیا اور ان سے گزارش کی کہ وہ اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل کو اجاگرکرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
 
دوسری طرف میاں اعجاز نے یقین دلایاکہ اگر اپنے جائز معاملات کے حوالے سے اوورسیز پاکستانی رابطہ کریں گے تو ان کی پوری پوری مدد اور رہنمائی کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر ناروے میں مقیم ممتازسماجی و کاروباری شخصیات سید ذکی الحسن شاہ اور شیخ فواد انور نے گجرات چمبر کے وفد اور دیگر مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ انھوں نے مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 

Recommended For You

Leave a Comment