ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ تمام سیاسی جماعتوں کے اے پی سی کے بائیکاٹ کے پیچھے کوئی بات ضرور ہے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے 22 اگست کے واقعے کی مذمت کی اور علیحدگی بھی اختیار کی ،جب کہ اچھے مقصد کے لیے اے پی سی بلائی تھی لیکن ڈھائی بجے کانفرنس تھی اور 12 بجے ہمیں ٹی وی سے بائیکاٹ کا علم ہوا۔
فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے اے پی سی کا بائیکاٹ ہمارے لیے اچھنبے کی بات ہے اور تمام جماعتوں کے بائیکاٹ کے پیچھے ضرور کوئی بات ہے۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملے سے متعلق 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار، کنور نوید جمیل، عامر خان، قمر منصور اور شاہد پاشا سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان کی ضمانتوں میں توثیق پر 31 اگست تک جواب طلب کرلیا جب کہ ضمانتوں کی توثیق کا فیصلہ 8 ستمبر کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت بھی 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔
خبر: جنگ