سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز نے پاناما کیس کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔
سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نوازشریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا گیا جب کہ عدالتی فیصلے میں شریف خاندان سمیت اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا۔
میاں نوازشریف اور اسحاق ڈار پہلے ہی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کرچکے ہیں۔
جیونیوز کے مطابق حسن، حسین اور مریم نوازسمیت کیپٹن (ر) صفدر نے بھی پاناما کیس کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے نظرثانی کی درخواستیں دائر کردی ہیں۔
حسین، حسن، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی جانب سے 2 نظر ثانی درخواستیں دائر کی گئی ہیں جن میں سے ایک درخواست سپریم کورٹ کے 5 رکنی اور دوسری 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی۔
جب کہ کیپٹن (ر) صفدر نے بھی سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست دائر کی ہے۔
خبر: جنگ