تقریب کے اختتامی مرحلے میں ثقافتی شو کے لیے عباس فلکی نے کمپیئر نگ کی اور پاکستان کے معروف گلوکار علی عباس اور جنوبی پنجاب کی گلوکارہ نادیہ ہاشمی نے منقبت ،ملی نغمے اور پاکستانی گانے پیش کئے۔ خاص طورپر علی عباس کی منقبت امام علی (ع) اور نادیہ ہاشمی کے ملی نغموں کو بہت سراہاگیا۔پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام بیس اگست کو میڈیا ورکشاپ ، اکیس اگست کو جبری شادی کے ایشوپر اور بائیس اگست کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے موضوع پربھی الگ الگ سیمینارز کا انعقادہوگا ۔ جشن آزادی کی تقریب کے اختتام پر پاکستان یونین ناروے کے اراکین اور رضاکاروں کے ساتھ مہمانان خصوصی کا گروپ فوٹوبنایاگیا۔ان شخصیات میں سابق رکن سٹی پارلیمنٹ نوید خاور،چوہدری اشرف (ڈنمارک)، سید ذکی الحسن شاہ ، شیخ فوادانور، منشاء خان نوناوالی، اقبال احمد، حاجی اصغر دھکڑ، ملک پرویز، میاں بشیرحسین ، میرناصر، چوہدری محمد اکرم سیکریالی، شاہد منیر ، شاہد حسین ، طاہرمحمود، غلام سرور ، چوہدری منیرتارڑ، عمران خان قابل ذکر ہیں۔
ناروے میں مشرف ، بلقیس ایدھی ، فیصل ایدھی کی جشن آزادی پاکستان میں شرکت، پاکستان یونین ناروے نے تقریب کا اہتمام کیا
اوسلو: پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام سترسالہ جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے اوسلوکے مضافات می ایک خوبصورت شہر لورنسکگ میں گذشتہ شام ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ اس تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہواجس کی سعادت قاری اسد محمودنے حاصل کی۔ تقریب کے میزبا ن اور پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئے مہمانوں کاخیرمقدم کیااور تقریب کے مہمانان خصوصی سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف، ایدھی فاؤنڈیشن کی بیگم بلقیس ایدھی اور فیصل ایدھی اور نارویجن مہمانوں کا خصوصی طورپر شکریہ اداکیا۔ اس سے قبل پاکستان اور ناروے کے ترانے بجائے گئے اورنارویجن پاکستانی میڈیکل کی طالبہ مشعل سارہ ناصر نے ملی نغمہ پیش کرکے داد وصول کی۔ تقریب سے جنرل (ر) پرویز مشرف،یونین کے سینئرمشیر ڈاکٹرجمیل طلعت ، نارویجن پاکستانی سیاستدان اور رکن پارلیمنٹ عابدقیوم راجہ، رودپارٹی کی ماری ایفرنگ ، ناروے کی طرف سے نیٹوپارلیمنٹ میں نائب صدر سویرے مارلی اور لورسنکگ کی خاتون میئرراگنیلڈ برگھیم نے خطاب کیا۔ہرمقررکو تقریر کے بعد پھول پیش گئے۔ تقریب کے دوران نظامت کے فرائض منجھے ہوئے پاکستانی کمپیئرشاہ رخ سہیل نے انجام دیئے۔ پروگرام کے دوران پاکستان کی تاریخ کے بارے میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی جسے پاکستان کی ممتازثقافتی شخصیت اورکمپیئرعباس فلکی نے تیارکیا۔فلم کی خوبصورت تحریراور عباس فلکی کی پراثر آواز سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے ۔ خاص طوپر فلم کے دوران پاکستان کے لیے دی جانے والی بیش بہا قربانیوں اورقائداعظم کی قیادت میں عظیم جدوجہد کے بارے میں فلم میں دی گئی تاریخی معلومات نے لوگوں کو بہت متاثرکیا۔اس دوران عبدالستارایدھی مرحوم کی زندگی پر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ بعدازاں، اس فلم کے پروڈیسر اورسینئرنارویجن پاکستانی صحافی عطا انصاری نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے بارے بیگم بلقیس ایدھی او ر فیصل ایدھی سے سوالات پوچھے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے چندہ مہم چلانے پرنارویجن پاکستانیوں کے ایک گروپ’’ ڈ سکشن فورم ‘‘کی کوشش کو قابل ستائش قراردیاگیااور گروپ کے چوہدری تنویراحمد بھیبلی اور محسن راجہ کو پھول پیش کئے گئے ۔ تقریب کے دوران سابق صدر مشرف، بلقیس ایدھی ، خواجہ ساجد رزاق سکہ اور سینئرصحافی سید احمد نظامی کو اپنے اپنے شعبوں میں خدما ت اور جدوجہد پرپاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے ایوارڈ زپیش کئے گئے۔ صدرجنرل مشرف کوان کے دور حکومت کے دوران ملک و قوم کے لیے گرانقدر خدمات پر اوربیگم بلقیس ایدھی کو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل جدوجہدپرخصوصی ایوارڈ زدیئے گئے۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سماجی رہنماء خواجہ ساجد رزاق سکہ انسانیت کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ کہنہ مشق صحافی اور لکھاری احمد نظامی (چیف ایڈیٹراخبارخلش برطانیہ) کو صحافت کے شعبے میں خدمات پر ایوارڈسے نوازا گیا۔پاکستان یونین ناروے کے بیان میں کہاگیاہے کہ یونین نے گذشتہ کئی سالوں سے کوشش کی ہے کہ ایسی اہم شخصیات کو پروگرام میں مدعوکیاجائے جو اپنی علمی، سماجی و قومی خدمات کی وجہ سے پاکستانیوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔تقریب کے دوران مرحوم ایدھی کی زندگی پر لکھی جانے والی کتاب کے بدلے ایدھی فاؤنڈیشن کے لیے مددکی درخواست کی گئی ۔ پورے ہال میں سے نارویجن پاکستانی کاروباری شخصیت ناصر میرنے ہاتھ کھڑا کرکے اس کتاب کو خریدنے کا اعلان کیا البتہ انھوں نے چندے میں دی جانے والی رقم کونمود و نمائش
سے بچنے کے لیے پوشیدہ رکھا۔فیصل آباد کی کاروباری شخصیت اور سماجی رہنماء خواجہ ساجد رزاق سکہ نے تقریب کے دوران دوقومی نظریے کے بارے میں سوال کا درست جواب دینے پر ہال میں موجودنارویجن پاکستانی محمد اشرف کے لیے عمرے کے ٹکٹ کا اعلان کیا۔
پروگرام کے کمپیئرشاہ رخ سہیل نے ریسرچ سکالراور اوورسیز ٹریبوں کے ایگزیکٹو ایڈیٹر سید سبطین شاہ کو آن لائن اخباراوورسیزٹریبون ڈاٹ کام کے اجرا پر مبارکباد پیش کی اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔