اوسلو: پاکستان یونین ناروے کے زیراہتمام سترسالہ جشن آزادی کی تقریب کے دوران میزبانی اور نقابت کے
فرائض معروف پاکستانی کمپیئرشاہ رخ سہیل انجام دیں گے۔ ان کی معاونت نارویجن پاکستانی آرٹسٹ انیلا علی کریں گی۔ یہ پروقار اور شاندار تقریب اوسلوکے مضافا ت میں لورنسکگ کے خوبصورت مقام پر ہوگی جس کے مہمانان خصوصی سابق صدر پرویز مشرف اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی مرحوم عبدالستار ایدھی کی زوجہ بیگم بلقیس ایدھی اور صاحبزادے فیصل ایدھی ہیں جنھیں یونین کے چیئرمین قمراقبال نے خصوصی طورپر مدعو کیاہے۔اس تقریب میں بڑی تعدادمیں نارویجن پاکستانیوں کے علاوہ نارویجن بھی شریک ہوں گے۔ اس دوران سابق صدر مشرف، بلقیس ایدھی ، فیصل آباد کی کاروباری شخصیت اور سماجی رہنماء خواجہ ساجد رزاق سکہ اور سینئرصحافی احمد نظامی کو ایوارڈ دیئے جائیں گے ۔ تقاریراور ایوارڈ ز کے علاوہ اس تقریب کے آخری مرحلے میں ثقافتی شو بھی پیش کیاجائے گاجس میں پنجاب کے معروف کمپیئرعباس فلکی میزبانی کریں گے اور جنوبی پنجاب کی مشہورگلوکارہ نادیہ ہاشمی اور گلوکار علی عباس اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔